دیوبند

جامعہ امام محمد انور شاہ ، جامعۃ الشیخ ، مدرسہ تعلیم القرآن دارالمسافرین ، اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول ، حاجی بلال میموریل پبلک اسکول میں پروگراموں کا انعقاد

دیوبند، 14؍ اگست (رضوان سلمانی) یوم آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر اس وقت پورا ملک ’’آزادی کے امرت مہا اتسو ‘‘ کے طو رپر منایا جارہا ہے ، اسی کے تحت آج دیوبند میں مختلف مدارس ، اسکول اور سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں اور پرچم کشائی کی گئی ۔ اسی کے تحت آج جامعہ امام محمد انور شاہ میں اساتذہ اور طلبہ نے پرچم کشائی کی ۔ جامعۃ الشیخ الحسین احمد المدنی کے اساتذہ وطلبہ نے شہر میں ترنگا ریلی نکالی۔ اسی کے ساتھ مدرسہ تعلیم القرآن دارالمسافرین (پرانا اصغریہ) کے طلبہ نے شہر میں ترنگا ریلی نکال کر لوگوں کو حب الوطنی کے بارے میں بتایا۔ دیوبند کے معروف عصری ادارے اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول کے طلبہ وطالبات نے ریلی نکالی اور اسکول میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اسی کے ساتھ ساتھ حاجی بلال میموریل پبلک اسکول کے طلبہ وطالبات نے ترنگا ریلی نکال کر حب الوطنی کا ثبوت دیا۔ جامعہ امام محمد انور شاہ کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کہا کہ ہندوستان کو آزاد کرانے میں مسلمانوں نے انگریزوں کے خلاف محاذ آرائی کی اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے جب تک وطن عزیز انگریز کے قبضہ سے آزاد نہیں ہوگیا۔ انہو ںنے کہا کہ ملک کا مسلمان ہمیشہ سے ہر رنگ ، نسل اور مذہب کے ماننے والوں کے احساسات وجذبات کی قدر کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔جامعۃ الشیخ حسین احمد المدنی دیوبند کے طلبہ نے ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار اور ادارہ کے مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی کی قیادت میں ایک ترنگا ریلی نکالی۔یہ ریلی محلہ خانقاہ سے شروع ہوکر عید گاہ روڑ ،پولیس چوکی ،اندرا پارک،اردو دروازہ اور بھائیلہ روڑ سے ہوتے ہوئے واپس مدرسہ جامعۃ الشیخ پہنچی ۔اس موقع پر ایس ڈی ایم دیپک کمار نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11اگست سے 17اگست تک آزادی کا امرت مہاتسو ہفتہ کے تحت پورے ملک میں جشن آزادی منایا جارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس جشن آزادی کو کامیاب بنانے کے لئے افسران پورا تعاون کررہے ہیں۔اسی لئے ہر ہندوستانی کو آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی سے متعلق منعقد کئے جانے والے پروگرام اور ریلیوں میں پورے جذبہ کے ساتھ شرکت کرنی چاہئے ۔ادارہ کے مہتمم مولانا مزمل قاسمی نے ایس ڈی ایم دیپک کمار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے اس عظیم جشن پر ہم سب بہت خوش ہیں اور مدرسہ کے طلبہ نے اسی جذبہ کے تحت ریلی نکالی ہے ۔اس موقع پر جامعہ کے تمام اساتذہ اور طلبہ موجود رہے ۔ مدرسہ تعلیم القرآن دارالمسافرین (پرانا اصغریہ) کے مہتمم سید عقیل میاں حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجاہدین آزادی نے جو خواب دیکھے تھے ہم ان کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یوم آزادی تزک واحتشام کے ساتھ منائیں اور ملک کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے اور جیلوں میں قید وبند کی سزا پانے والے عظیم مجاہد آزادی کے بارے میں ہمیں نسل نو بتانا چاہئے۔ اس موقع پر طلبہ اور اسٹاف موجود رہا۔ اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ کے چیئرمین سعد صدیقی نے کہا کہ آزادی ایک بڑا احساس ہے جو ہر ہندوستانی کو فخر کے ساتھ جینے کا حق دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک آزادی کے 75ویں موقع کو آزادی کے امرت مہا اتسو کے طور پر منا رہا ہے جو بڑا میٹھا احساس ہے ۔ ہر ہندوستانی کو چاہئے کہ اس احساس کو سامنے رکھ کر کل کے ہندوستان کو امن ویکجہتی کا گہوارہ بنانا چاہئے۔ اس دوران طلبہ وطالبات نے رنگا رنگ پروگرام پیش کرکے حب الوطنی کے گیت گائے اور وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔ حاجی بلال میموریل پبلک اسکول میں منعقدہ پروگرام میں طلبہ نے حب الوطنی کے گیت پیش کرکے شہیدان وطن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسکول کے پرنسپل سید شارق میاں حسین نے کہا کہ ملک کو آزاد کرانے میں بلاتفریق ومذہب ملت لوگوں نے اپنا تعاون پیش کیا او راپنے وطن کے وقار وعظمت کو بلند سے بلند کیا۔ اس دوران اسکول اسٹاف موجود رہا۔ اُدھر نظر فائونڈیشن کی جانب سے بھی امرت مہا اتسو کے تحت ایک ریلی نکال کر لوگوں کو پیار ومحبت سے یوم آزادی کو منانے کی اپیل کی گئی۔ فائونڈیشن کے چیئرمین نظر عثمانی اور نگر سرکشا شانتی سمیتی کے صدر انصار مسعودی نے ملک کی آزادی میں ہمارے بزرگوں کی کیا قربانیاں رہیں اس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ساتھ مل کر ملک کو سب سے طاقت ور بنانا ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا شاہ عالم گورکھپوری اور قاری آفتاب عالم نے ملک کی آزادی میں دارالعلوم دیوبند کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دارالعلوم دیوبند نے ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر مہزاد صدیقی، شاہنواز عثمانی، نبیل مسعودی، ولی وقاص، سہیل فاروقی، دانش قریشی وغیرہ موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button