دیوبند

توہین رسالت کرنے والوں کو گرفتار نہ کرنا افسوسناک ہے: مسعود مدنی

ملک میں نفرت کا ماحول بنانے اور ادے پور واقعہ کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ

سابق ریاستی وزیر مولانا مسعود مدنی بہوجن مکتی پارٹی میں شامل، قومی نائب صدر بنائے گئے۔

دیوبند، 7؍ جولائی (رضوان سلمانی) اتراکھنڈ کی این ڈی تیواری سرکار میں ریاستی وزیر رہے مولانا مسعود مدنی آج بہوجن مکتی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہیں پارٹی کا قومی نائب صدر منتخب کیاگیاہے۔اس دوران ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مولانا مسعود مدنی نے بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا اور ادے پور واقعہ کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

بہوجن مکتی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری چودھری مہربان علی نے تلہیڑی چنگی پرواقع مولانا مسعود مدنی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک پروگرام میں مولانا مسعود مدنی کو پارٹی کے قومی نائب صدر کے عہدہ کا تقرری نامہ سونپا۔ اس دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانامسعود مدنی نے نے بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے ملک کی پر امن فضا کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ بی جے پی کے ذریعہ ملک میں نفرت کا ماحول بنایا جارہاہے ،جس سے ملک کمزور ہو رہا ہے۔

بی جے پی کے وزراء اور لیڈر اشتعال انگیز بیانات دے کر ملک میں مسلسل نفرت پھیلا رہے ہیں اور حکومت اسے روکنے میں ناکام ہو رہی ہے۔ ادے پور واقعہ کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پیغمبر اسلام کی توہین کرنے والوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ادے پور واقعہ کے ملزمان کی تصویریں بی جے پی کے لیڈران کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں،جس سے اس واقعہ سے بی جے پی کا کنکشن صاف ظاہر ہورہاہے۔

انہوں نے شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے والی نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی شہ پر ہی پولیس نوپور شرما کو گرفتار نہیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں متحد ہوکر ملک کے امن وسلامتی اور بھائی چارہ کو مضبوط بناناہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہوجن مکتی پارٹی میں شامل ہونے کا ان کا مقصد ملک میں بھائی چارہ اور اتحاد کو مضبوط کرنا ہے۔اس موقع پر بہوجن مکتی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری چودھری مہربان علی نے کہا کہ ہم ملک کے آئین کو بچانے اور ملک کے بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے مولانا مدنی کو بھی ہم نے اپنے ساتھ شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کا بھائی چارہ تباہ کیا جا رہا ہے، جسے برقرار رکھنے کے لیے ہم اپنی جانب سے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوپور شرما کے حوالے سے سچائی سامنے لانے والے صحافیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ بی جے پی کے وزراء اور لیڈر ملک کا ماحول خراب کرنے کے لیے مسلسل اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، جن پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ادے پور واقعہ کے لئے نوپور شرما کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا ماحول خراب کرنے کرنے والی شرما کے خلاف حکومت اور دہلی پولیس کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ادے پور واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے قصورواروں اور نوپور شرما کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا اور اہل وطن سے ملک کی بھائی چارہ مضبوط بنانے کی اپیل کی۔اس موقع پر بی ایم پی کے ریاستی صدر ای ڈی پی سنگھ، ضلع صدر محکم سنگھ، رام پور منیہارن اسمبلی صدرراج کمار بودھ، نفاست خان بابا، ڈاکٹر یونس، راجندرآڑھتی اور نیرج دھیمان سمیت پارٹی کارکنان موجود تھے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button