تمام طالبات کو اسکاؤٹ گائیڈ کی ٹریننگ لینی چاہئے، نواز گرلز اسکول میں منعقد سہ روز اسکاؤٹ گائیڈ کیمپ اختتام پذیر

دیوبند ، 21؍ دسمبر (رضوان سلمانی) معروف عصری تعلیمی ادارہ نوازگرلز پبلک اسکول میں منعقد تین روزہ اسکاؤٹ گائیڈ کیمپ کا اختتام ایس ڈی ایم سنجیو کمار کے ہاتھوں عمل میںآیا، اس اسکاؤٹ گائیڈ کیمپ میں درجہ چار سے آٹھ تک کی طالبات نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، اس دوران طالبات نے ٹینٹ تیار کئے اور مختلف قسم کے پکوان بناکر پیش کئے۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم سنجیو کمار نے کیمپ میں ٹریننگ لینے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں سرٹیفکٹ دیئے۔
ایس ڈی ایم نے کہاکہ اسکاؤٹ گائیڈ میں ہمیشہ دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ موجزن رہتاہے اور ساتھ ساتھ ان میں ڈسپلن اور وقت کی پابندی نیز خدمت خلق کو انجام دینے کی خصلت پیدا ہوتی ہے، ایس ڈی ایم موصوف نے طالبات کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں، اسکاؤٹ گائیڈ کیمپ کے آخری دن چیف ٹرینر انل کمار اور اونتکا نے طالبات کو ورزش، یوگ،گانٹھ باندھنا،پیرمڈ تیار کرنا،فرسٹ ایڈ اور رنگولی وغیرہ کی ٹریننگ دی۔ کیمپ کے اختتام موقع پر طالبات نے بہترین انداز میں اور سلیقہ مندی کے ساتھ ٹینٹ تیار کئے۔
اس موقع پر اسکول کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک اسکاؤٹ اپنے ملک کا سچا اور وفادر شہری ہوتاہے، انہوں نے کہاکہ اسکاؤٹ گائیڈ کیمپ کی ٹریننگ کا مقصد طالبات کو جسمانی ،ذہنی اور سماجی اعتبار سے مضبوط بنانا ہوتاہے، اسلئے ہر ایک طالبہ کو اسکاؤٹ کی ٹریننگ ضروری لینی چاہئے، انہوں نے اسگاؤٹ گائیڈ کیمپ کے تحت طالبات کی جانب سے بہترین مظاہرہ کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور اختتامی تقریب میں شریک مہمانوں اور افسران کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر طالبات کے علاوہ اسکول اسٹاف موجودرہاہے۔