تریپورہ میں بی جے پی کے ایک اور رکن اسمبلی نے دیا استعفیٰ

نئی دہلی ، 29دسمبر (ہندوستان اردو ٹائمز) تری پورہ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کو ایک بڑا جھٹکا لگاتے ہوئے، تجربہ کار رکن اسمبلی دیبا چندر ہرنگ کھال نے بدھ کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ جمعرات یعنی آج کانگریس میں شامل ہونے کاامکان ہے۔ ریاستی کانگریس کے صدر بیراج سنہا اور پارٹی کے ایم ایل اے سدیپ رائے برمن نے کہا کہ ہرنگ کھال ایک بڑے عوامی جلسہ کے دوران مختلف پارٹیوں کے کچھ دیگر لیڈروں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہوں گے۔
رائے برمن، ہرنگ کھال سمیت 6 دیگر ارکان اسمبلی اور کئی لیڈر 2016 میں کانگریس چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ تاہم بعد میں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے۔ رائے برمن اور 3 بی جے پی ایم ایل اے – باربا موہن تریپورہ، آشیش داس اور آشیش کمار ساہا نے بھی اس سال بی جے پی کا ساتھ چھوڑ دیا۔شمالی تریپورہ کے اناکوٹی ضلع کی کرانچرا اسمبلی سیٹ سے اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے ایک تجربہ کار قبائلی رہنما ہرنگ کھال، اتحاد چھوڑنے والے بی جے پی کے 5ویں اور بی جے پی-آئی پی ایف ٹی (انڈیجینس پیپلز فرنٹ آف تریپورہ) کے 8ویں ایم ایل اے ہیں۔
سابق ایم ایل اے ساہا سمیت کئی کانگریس لیڈروں کے ساتھ، 66 سالہ ایم ایل اے نے بدھ کے روز اسمبلی سکریٹری بشنو پادا کرماکر سے ملاقات کر کے اپن استعفی سونپ دیا، کیونکہ اسمبلی اسپیکر رتن چکرورتی تریپورہ سے باہر ہیں۔کرماکر نے کہا کہ ہرنگ کھال کا استعفیٰ ریاست میں واپس آنے کے بعد اسپیکر کے ذریعہ قبول کر لیا جائے گا۔ اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے بعد 1988 سے اب تک چار بار ریاستی اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے ہرنگ کھال نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت چھوڑی ہے۔بی جے پی سے کانگریس ایم ایل اے بنے اور سابق وزیر سدیپ رائے برمن کے قریبی قبائلی رہنما نے کہا کہ میں جلد ہی اپنے مستقبل کا لائحہ عمل طے کروں گا۔
بی جے پی کے حلیف آئی پی ایف ٹی ایم ایل اے میوار کمار جماتیا، بریش کیتو دیب برما اور دھننجے تریپورہ نے بھی حکمراں جماعتوں اور حکومت کے ساتھ کھلے عام اختلافات کے بعد ٹی پی آر اے میں شامل ہونے سے پہلے پارٹی اور اسمبلی چھوڑ دی تھی۔خیال رہے کہ فروری 2023 میں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں۔ بی جے پی، قبائلی پارٹی آئی پی ایف ٹی کے ساتھ مل کر 2018 کے اسمبلی انتخابات میں سی پی آئی-ایم کی قیادت والے بائیں بازو کے اتحاد کو شکست دے کر اقتدار میں آئی تھی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں، بی جے پی اور آئی پی ایف ٹی نے 60 رکنی ایوان میں بالترتیب 36 اور 8 نشستیں جیتی تھیں، جبکہ سی پی ایم کو 16 نشستیں ملی تھیں۔