بی پی ایس سی پیپر لیک کیس میں ای او یو کی کارروائی، مجسٹریٹ اورپرنسپل سمیت چارافراد گرفتار

پٹنہ10مئی (ہندوستان اردو ٹائمز) ڈیپوٹیشن مجسٹریٹ کم بی ڈی اوبرہرا جے وردھن گپتا، پرنسپل یوگیندر سنگھ، لیکچرر کم کنٹرولر سشیل کمار سنگھ اور لیکچرر کم اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اگم کمار سہائے کو ای اویو نے بی پی ایس سی کے سوال نامہ لیک ہونے کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اقتصادی جرائم یونٹ (EOU) نے بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے 67ویں مشترکہ ابتدائی امتحان (PT) کے پیپر لیک معاملے میں FIR درج کی ہے۔
تاہم ای او یو پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر (مقدمہ نمبر 20/22) میں کسی کو ملزم نہیں بنایا گیا ہے۔ فی الحال نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔ ڈی ایس پی رینک کے افسر کو اس کیس کا آئی او بنایا گیا ہے۔بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) نے سوال نامہ وائرل ہونے کے بعد67ویں مشترکہ ابتدائی امتحان (PT) کو منسوخ کر دیاہے۔ سوال نامہ وائرل ہونے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیشن کی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد چیئرمین آر کے مہاجن نے امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کمیشن کی سفارش پر ڈی جی پی کی جانب سے اس بات کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی کہ سوال نامہ کہاں سے لیک ہوا، کس نے اسے وائرل کیا۔بی پی ایس سی 67 ویں ابتدائی امتحان اتوار کو دوپہر 12 بجے سے شروع ہونا تھا۔ اس سے پہلے بھی سوال نامہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ امتحان کے بعد امتحان دینے والوں نے یہ بھی دعویٰ کیاہے کہ وائرل ہونے والے سوال نامہ کے سوالات امتحان میں پوچھے گئے سوال نامہ سے مماثل ہیں۔