بی جے پی کے ساتھ جانے کا سوال ہی نہیں : راج بھر

لکھنؤ20مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) سہیل دیوبھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھرنے جنھوں نے حال ہی میں اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ساتھ لڑا تھا،اب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کی تیاری کر لی ہے۔یہ خبرغلط ہے۔سنیچر سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں راج بھر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں، جس کے بعد ان کے دوبارہ بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔
اتوار کو لکھنؤ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے راج بھر نے وضاحت کی ہے کہ یہ خبر پوری طرح سے بے بنیادہے۔ نہ میں دہلی گیا نہ کسی سے ملاہوں۔ ہم سماج وادی پارٹی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے اور ہم نے ریاست میں بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ لڑنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔اسی دوران سہیل دیوبھارتیہ سماج پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ارون راج بھرنے کہاہے کہ ایک ساتھ جانے کا سوال؟ جو تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے وہ بہت پرانی ہے، ہم سماج وادی پارٹی کے ساتھ ہیں اور 2024 کا لوک سبھا الیکشن مل کر لڑیں گے۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی، جو 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی حلیف تھی،نے حال ہی میں ہوئے ریاستی اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کیا تھا اور اسے چھ سیٹوں پرکامیابی ملی ہے۔
راج بھر کی پارٹی نے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں چار سیٹیں جیتی تھیں۔ پارٹی صدر اوم پرکاش راج بھر کو بھی ریاستی حکومت میں کابینی وزیر بنایا گیا تھا، لیکن وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اختلافات کی وجہ سے راج بھر نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے استعفیٰ دے دیا اور بی جے پی سے الگ ہو کر الیکشن لڑا ہے۔