بین الاقوامی

پاکستان کے سابق امیر جماعت ِ اسلامی سید منور حسن انتقال کر گئے

اسلام آباد،۲۶؍جون ( آئی این ایس انڈیا ) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 78 برس تھی۔ سید منور حسن گزشہ تین ہفتے سے کراچی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے ،جہاں وہ جمعے کو حرکت قلب بند ہونے سے جان کی بازی ہار گئے۔ سید منور حسن پانچ اگست 1941 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے۔ وہ جماعت اسلامی کے چوتھے امیر تھے،جنہوں نے 2009 سے 2014 تک جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس سے قبل وہ جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

سید منور حسن نے خرابی صحت کے باعث 2014 میں دوسری مدت کے لیے جماعتِ اسلامی کی امارت کا انتخاب لڑنے سے معذرت کر لی تھی۔ وہ جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ بھی رہے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد سید منور حسن کا خاندان پہلے لاہور اور پھر کراچی منتقل ہو گیا۔سید منورحسن جنوری 1989 سے نومبر 1991 تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے منصب پر فائز رہے۔ وہ 1992 میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مقرر کیے گئے۔

سید منور حسن نے ابتدائی تعلیم کراچی میں جیکب لائن کے ایک اسکول سے حاصل کی۔ اْنہوں نے 1963 اور 1966 میں جامعہ کراچی سے عمرانیات اور اسلامیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔سید منور حسن نے نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنی طلبہ سیاست کا آغاز کیا وہ 1959 میں نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

بعدازاں وہ جماعت اسلامی کے بانی سید ابو الاعلیٰ مودودی کے نظریات سے متاثر ہو کر اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہو گئے۔ سید منور حسن کو اپنے انداز خطابت کی وجہ سے بھی طلبہ حلقوں میں پسند کیا جاتا تھا۔منور حسن 1977 کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے اور اس وقت کراچی کے حلقے سے ریکارڈ ووٹ حاصل کیے جب پورے ملک میں پیپلزپارٹی کا طوطی بولتا تھا۔

انہوں نے پیپلزپارٹی کے اْمیدوار جمیل الدین عالی کو پورے ملک میں ریکارڈ ووٹ حاصل کر کے شکست دی۔ وہ اسی عرصے کے دوران جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل بھی رہے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے 1977 میں چلائی جانے والی تحریک نظام مصطفی کو کراچی میں منظم کیا۔ملک کی سیاسی اور سماجی شخصیات نے سید منور حسن کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ پاکستان عارف علوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز سمیت اپوزیشن رہنماؤں نے بھی سید منور حسن کے انتقال پر دْکھ کا اظہار کیا ہے۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close