بیر بھوم تشدد : زندہ جلانے سے پہلے پیٹاگیا ، پوسٹ مارٹم اور فورسنک جانچ میں انکشاف

رامپورہاٹ، مغربی بنگال (ہندوستان اردو ٹائمز) بیر بھوم تشدد میں مرنے والوں کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور فورنسک جانچ سے بہت سی باتیں سامنے آئی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ فورنسک ماہرین نے جلی ہوئی لاشوں کا معائنہ کیا۔ اس کے بعد ابتدائی نتائج کے مطابق متاثرین کو پہلے مارا پیٹا گیا اور پھر زندہ جلا دیا گیا۔ اس واقعے کے سلسلے میں اب تک کم از کم 20 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ ہماری حکومت کو بدنام کرنے کی بی جے پی، بائیں بازو کی جماعتوں اور کانگریس کی کوشش ہے۔ بیر بھوم واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، خواہ وہ کسی بھی سیاسی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں۔
ممتا نے کہا کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو بوگاتوئی گاؤں کا دورہ کریں گی، جہاں ایک گرام پنچایت اپ پردھان کے قتل کے فوراً بعد کچھ گھروں کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔