
پورنیہ ؍پٹنہ،25فروری (ہندوستان اردو ٹائمز) آر جے ڈی صدر لالو پرساد بھلے ہی پورنیہ میں گرینڈ الائنس کی ریلی کے اسٹیج پر موجود نہ ہوں، لیکن طویل عرصے کے بعد ورچوئل میڈیم کے ذریعے انہیں سننے والے بھی پرجوش تھے۔ اس جوش کو دیکھتے ہوئے آر جے ڈی صدر نے کہاکہ وہ خوش ہیں کہ پورنیہ میں لاکھوں لوگ جمع ہوئے۔ آج ملک ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔لیکن بی جے پی کو کوئی شرم نہیں آتی ہے۔ لالوپرساد یادو نے اپنے انداز میں کہا کہ تب بھی بہار میں آر ایس ایس-بی جے پی کا رتھ روکا گیا تھا، اس بار بھی یہ کام بہار کے عوام ہی کریں گے ۔
لالو نے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اتحاد ثابت کرے گا کہ ہم آئندہ لوک سبھا انتخابات اسی اتحاد کے ساتھ لڑیں گے تاکہ بی جے پی-آر ایس ایس کا صفایا ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پارٹی نہیں ہے، یہ آر ایس ایس کا مکھوٹا ہے۔ دونوں ریزرویشن مخالف ہیں۔ ملک میں نریندر مودی کی آمرانہ حکومت ہے۔ ایسے میں ہم سب ملک، جمہوریت اور آئین بچانے کے لیے متحد رہیں گے۔ لالو نے کہا کہ بہار بدلتا ہے تو ملک متاثر ہوتا ہے۔ ملک بہار کی پیروی کرتا ہے۔ گولوالکر کے بنچ آف تھاٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں دلتوں کے ساتھ بدسلوکی کے بارے میں لکھا گیا ہے۔ لالو نے کہا کہ ہم اور نتیش ایک ہو گئے ہیں۔ کسی وہم میں نہ رہیں، اتحاد نظریہ اور دھارے کا ہے۔ ہم اس اتحاد سے 2024-25 کے انتخابات میں ریکارڈ بنائیں گے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بیٹی روہنی آچاریہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گردے کے عطیہ کے ذریعے ان کی جان بچائی ہے۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خطاب کے وقت اساتذہ اور ٹیچر امیدواروں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔
اس وقت نتیش کمار نے کہا کہ ہنگامہ نہ کریں ، بڑے پیمانے پر اساتذہ کو بحال کیا جائے گا۔ سب کچھ بہت اچھا ہو گا۔ پے سکیل بھی بڑھے گا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے ایک ایک کر کے کئی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ شرد جی خود الگ ہوگئے اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے شرد جی کو چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے جیتن رام مانجھی کو دھوکہ دیا۔ لیکن وہ لوگ اٹل بہاری واجپائی کو بھی بھول گئے۔ یہ سب دھوکہ دینے کے لیے ہے۔ ہم اب متحد ہیں اور متحد رہیں گے۔ متحد ہو کر لڑیں گے۔ ابھی ہم ذات پر مبنی مردم شمار کر رہے ہیں اور اس میں ہر ایک کی معاشی حالت کے بارے میں فیڈ بیک لے رہے ہیں۔ ہر چیز کے بارے میں معلومات دو تین ماہ میں مل جائیں گی۔ اس سے غریبوں کو ترقی ملے گی۔
تیجسوی نے کہا کہ لالو جی کبھی فرقہ پرست طاقتوں کے سامنے نہیں جھکے۔ بی جے پی میں کوئی لیڈر نہیں، سب ڈیلر بن گئے ہیں۔ جس طرح لالو جی ان کی حکومت کے سامنے کبھی نہیں جھکے، اسی طرح ان کا بیٹا بھی کبھی نہیں جھکے گا۔ نتیش کمار نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ لیا ہے، یہ لوگ نتیش کمار کی پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں۔وہیں اقلیتی اکثریتی سیمانچل میں اردو ٹیچرس کے ہجوم میں اچانک ہنگامہ مچ گیا اور وزیر اعلیٰ کے پہنچنے سے پہلے ہی احتجاج کرنے والے اردو ٹیچر امیدواروں کو ہٹا لیا گیا۔ اردو اساتذہ ریلی کی مخالفت کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد سے قبل امیدواروں نے نعرے بازی شروع کر دی کہ اقلیتوں کی لیڈر ہونے کی دعویدار گرینڈ الائنس حکومت نوکریوں کے دروازے بند کر دیئے ۔ پولیس چیف منسٹر کی آمد سے قبل اس احتجاج کو روکنے کی بھرپور کوشش کرتی رہی۔