بہار قانون سازیہ کے بارانی اجلاس کا آغاز: اگنی پتھ اسکیم کیخلاف راجد کا زبردست ہنگامہ،قانون کو ملک مخالف قرار دیا

پٹنہ، 24 جون (ہندوستان اردو ٹائمز) بہار قانون ساز یہ کا بارانی اجلاس آج سے شروع ہوگیا۔ کارروائی شروع ہونے سے قبل ایوان کے احاطہ میں اپوزیشن کے ارکان اگنی پتھ قانون کو واپس لینے کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایوان کے اندر اور باہر آر جے ڈی کے ارکان نے زبردست ہنگامہ کیا ،آر جے ڈی کے رکن اسمبلی بھائی ویریندر نے اس قانون کو ملک مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں سبھی پارٹیوں کے تعاون سے اس قانون کے خلاف تجویزپاس ہوگی۔
بہار قانون سازیہ کا بارانی اجلاس کے پہلے دن جمعہ کو فوت شدگان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد دونوں ایوانوںکی کاروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ بہار قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے پہلے دن رواں اجلاس کیلئے پریزائڈنگ آفیسر کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ایوانوں میں الگ۔ الگ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کی گئی۔ بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار سنہا نے ایوان میں اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے ایوان کے وقار کو بحال رکھنے میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہاکہ آئین صرف ایک کتاب نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے۔ انہوں نے اراکین کو حقوق اور فرائض کے مابین توازن برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ سنہا نے کہاکہ بہار اسمبلی کا ایک ڈیجیٹل میوزیم تیار کیاجارہاہے جس میں بہترین اراکین اسمبلی کی حصولیابیوں ، تعاون اور کارناموں کو یکجا کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک اسمبلی اسپیکر کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل کی گئی ہے ، جس کے وہ بھی رکن ہیں۔ یہ کمیٹی ملک میں سب سے بہترین اراکین اسمبلی کا انتخاب کرے گی۔اسمبلی اسپیکر نے بہار کے اراکین اسمبلی سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی تاکہ ان کا انتخاب ملک کے سب سے بہتر رکن اسمبلی کے طور پر ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ اسے دھیان میں رکھ کر بہار میں بھی سب سے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کر نے والے اراکین اسمبلی کا انتخاب کیاجائے گا۔
اسپیکر نے فوت شدگان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایوان کی کارروائی سموارتک کیلئے ملتوی کردی۔ادھرایوان بالا بہار قانون ساز کونسل کے چیئر مین اودھین نرائن سنگھ نے بھی اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام اراکین سے ایوان کو بہتر طریقے سے چلانے میں تعاون پیش کرنے کی اپیل کی۔ بعد میں دونوں ایوانوں میں سابق رکن اسمبلی نند کشور پرساد ، نول کشور رائے ، سیتارام داس ، سریش کمار مشرا، تری بھون سنگھ ، رام دیو ورما ، یوگل کشور پرساد، پرشانت کمار ، شیوانند پرساد سنگھ ، یوگیندر پانڈے ،پروفیسر اسلم آزاد اور مشہور ہومیو پیتھ ڈاکٹر ڈاکٹر بی بھٹہ چاریہ کے انتقال پر اظہار تعزیت پیش کیا گیا۔ اراکین نے فوت شدگان کی روح اور آتما کی تسکین اور شانتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔