بھگونت مان پنجاب کے17ویں وزیر اعلیٰ مقرر، شہید بھگت سنگھ کے گاؤں میں عہدہ اور رازداری کا لیا حلف

کھٹکر کلاں (پنجاب)،16؍مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) عام آدمی پارٹی کے رہنما بھگونت مان نے بدھ کو پنجاب کے 17ویں وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ مان نے پنجابی زبان میں وزیراعلیٰ کا حلف لیا۔ ریاست کے گورنر بنواری لال پروہت نے کھٹکر کلاں گاؤں میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں حلف دلایا۔
اس موقع پر بھگت سنگھ کے گاؤں کو بسنتی رنگ میں رنگ دیا گیا اور وہاں پہنچنے والے زیادہ تر لوگوں نے بسنتی پگڑی اور بسنتی رنگ کا دوپٹہ بھی پہن رکھا تھا۔ اس موقع پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت دہلی حکومت کے تمام وزراء موجود تھے، اس موقع پر اپنے خطاب میں بھگونت مان نے کہا کہ میں پنجاب کے کونے کونے سے آئے ہوئے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں، یہاں آنے کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔ دہلی کے سی ایم کیجریوال اور ان کی کابینہ یہاں بیٹھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کھٹکر کلاں میرے لیے نیا نہیں ہے۔ آپ لوگوں نے مجھے اور عآپ کو جتنا پیار دیا ہے میں اس کو بیان نہیں کر سکتا۔ مجھے ان سے بھی کوئی شکایت نہیں جنہوں نے ہمیں ووٹ نہیں دیا۔ یہ پورے پنجاب کی حکومت ہے، شہید اعظم بھگت سنگھ کہتے تھے کہ عشق کرنا سب کا حق ہے، کیوں نہ اس بار ملک کی مٹی کو سرزمین بنایا جائے۔ ہم پنجاب میں اسپتال اور اسکول اسی طرح بنائیں گے جس طرح دہلی میں دیکھ رہے ہیں،
تاکہ لوگ وہاں تصویریں کھینچواکر جائیں۔ آپ کو یاد ہوگا، 10 مارچ (انتخابی نتائج کے دن) کو پنجابیوں کے نام سنہری حروف میں لکھے گئے تھے۔ عوام جب چاہے گی بندہ عرش پرپہنچ سکتا ہے، اور جب چاہے فرش پر پہنچ سکتا ہے۔مان نے کہا کہ بھگت سنگھ کو یہ فکر تھی کہ جب بھی ملک آزاد ہوگا توکس طرح چلے گا، یہ ہماری ذمہ داری ہے۔