بھتیجے نے چچا کا بے رحمی سے کیا قتل ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیجا

دیوبند،4؍ جون (رضوان سلمانی) بھتیجے نے ہی اپنے چچا کا ہی چاقوئوں سے حملہ کرکے قتل کردیا ، دیوبند پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے جیل بھیج دیا ہے ، اچانک موت سے اہل خانہ میں کہرام مچا ہوا ہے ، یہ معاملہ دیوبند کے قریبی گائوں رن کھنڈی کا ہے ، یہاں پر انل سنگھ نام کا لڑکا اپنے کھیت میں پانی چلا رہا تھا ، برابر میں ہی اس کا بھتیجا اروند بھی اپنے کھیت میں پانی چلا رہا تھا ، اسی دوران دونوں کے درمیان کسی بات کو لے کر کہا سنی ہوگئی ،
بعد میں یہ معاملہ اتنا بڑھا کہ ہاتھا پائی تک ہونے لگی جس میں اروند نے چچا انل سنگھ پر چاقوئوں سے حملہ کردیا ، انل لہو لہان ہوکر زمین پر گر پڑا ، جب کہ اروند موقع سے فرار ہوگیا ۔ چیخ وپکار سن کر آس پاس کے کھیتوں میں کام کررہے لوگ موقع پر پہنچے اور ان کے اہل خانہ کو اس واقعہ کی اطلاع دی، اہل خانہ تشویشناک حالت میں انل کو لے کر مظفرنگر کے سرکاری اسپتال میں لے کر پہنچے جہاں علاج کے دوران انل کی موت واقع ہوئی۔
اطلاع ملنے پر دیوبند پولیس بھی اسپتال پہنچی ،پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ جاںبحق ہونے والے انل کے لڑکے انکت نے اپنے تایا زاد بھائی اروند کے خلاف دیوبند کوتوالی میں مقدمہ قائم کرایا ہے، پولیس نے کچھ گھنٹے بعد ہی ملزم اروند کو گرفتار کرلیا ۔ اس کی نشاندہی پر رن کھنڈی کے ایک کھیت سے قتل میں استعمال کیا گیا چاقو بھی برآمد کرلیا۔ پولیس نے ملزم کو کورٹ میں پیش کرکے جیل بھیج دیا۔