بھابی جی گھر پر ہیں‘ کے ’ملکھان‘ کا انتقال

’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ میں ملکھان کا کردار ادا کرنے والے دپیش بھان کا اچانک انتقال ہو گیا۔ دپیش کا انتقال آج صبح ہوا۔ وہ شو میں اپنی بہترین کامک ٹائمنگ کے لیے مشہور تھے۔ ان کی موت کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ وہ صبح کرکٹ کھیلتے ہوئے گر گئے تھے۔ جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
نیوز پورٹل ’ نیوز 18‘ پر شائع خبر کے مطابق دپیش بھان کے قریب رہنے والے اداکار روہتاشیو گوڑ اس خبر سے صدمے میں ہیں۔ وہ کہتے ہیں، "آج شو کے لیے ہماری کال کا وقت تھوڑا لیٹ تھا۔ تو مجھے لگتا ہے کہ جم میں ورزش کے بعد وہ کرکٹ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ گئے تھے۔ یہ ان کی فٹنس روٹین کا حصہ تھا۔ لیکن کھیل کھیلتے ہوئے وہ اچانک گر گئے ۔ یہ ہم سب کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
روہتاشیو گوڑ نے مزید کہا، "وہ صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھتے تھے۔ انہیں فٹنس کا جنون تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں کیا محسوس کر رہا ہوں۔ اس وقت ہم سب اس کے گھر پر ہیں۔ شو کی پوری ٹیم۔” نیوز پورٹل کی خبر کے مطابق ان کے ساتھ ہی شو میں دپیش کے ساتھی اداکار چارول ملک بھی اس خبر سے غمزدہ ہیں۔ انہوں نے دپیش کے ساتھ اپنے تعلقات کے یادگار لمحات کو یاد کیا۔
چارول ملک نے کہا، ’’مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا ہے۔ مجھے صبح اس کا علم ہوا۔ میں کل ہی اس سے ملا تھا اور وہ بالکل ٹھیک تھا۔ ہم نے مل کر کچھ ریل ویڈیوز بنائے۔ میں اسے 8 سال سے جانتا ہوں اور وہ سیٹ پر میرے سب سے قریب تھے۔ کھانا ہم اکٹھے کھاتے تھے۔ ایک باصلاحیت اداکار ہونے کے علاوہ وہ ایک شاندار انسان بھی تھے۔”