قومی

بھائی کے گھر سی بی آئی کے چھاپے سےکوئی گھبراہٹ نہیں: گہلوت

جے پور ،17جون (ہندوستان اردو ٹائمز) وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے اپنے بھائی اگرسین کے گھر پر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے چھاپے پر جمعہ کو مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھبرانے والے نہیں ہیں اور ایسی کارروائیوں کا نقصان صرف بی جے پی اور مرکزی حکومت کو ہی ہوگا۔گہلوت نے کہا کہ دہلی میں ان کی حالیہ سرگرمی کا بدلہ مرکزی حکومت ان کے بھائی کے خلاف چھاپے مار کر لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔سی بی آئی نے جمعہ کو بدعنوانی کے معاملہ میں اگرسین گہلوت کی جودھپور رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ قابل ذکر ہے کہ 2020 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے اگرسین گہلوت کے مقام پر بھی چھاپہ مارا تھا۔

دہلی سے واپسی پر وزیر اعلیٰ گہلوت نے یہاں ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر میں دہلی میں سرگرم ہوں یا میں نے راہل گاندھی کے ایجی ٹیشن میں حصہ لیا ہے تو میرے بھائی سے بدلہ کیوں لیا گیا؟ یہاں ہماری حکومت پر بحران سال 2020 میں بھی آیا، تب بھی بھائی کے گھر پر ای ڈی کے چھاپے پڑے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے بھائی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت کے رویہ کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ای ڈی کے ذریعہ چھاپے مارے جاتے تھے، اب سی بی آئی کے ذریعہ چھاپے مار ے جارہے ہیں۔

گہلوت نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو یہ پسند نہیں ہے ،لیکن آہستہ آہستہ نقصان صرف بی جے پی اور مرکزی حکومت کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں جتنا زیادہ لوگوں کو ہراساں کریں گے، اتنا ہی ان پر الٹا اثر پڑے گا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button