بنگلور

لیبر اسوسی ایشن اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا مشترکہ اجلاس،منفی خبروں پر دھیان نہ دیں ،علما وماہرین اور دانشوروں کی بات سنیں،اور ویکسین لگوائیں….حافظؔ کرناٹکی

ہمارا اور آپ کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم متحد ہو کر اس ویکسین مہم کو کامیاب بنائیں...ایم پی راگھویندرا

بنگلور (ہندوستان اردو ٹائمز) آج بروز منگل بتاریخ ۲۲؍جون ۲۰۲۱ء؁ کو لیبراسوسی ایشن اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر انجمن اسلام کے صدر حافظ کرناٹکی کی صدارت میں بازار مسجد شادی محل شکاری پور میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں مہمان ذی وقار کی حیثیت سے جناب راگھویندراجی ایم پی نے شرکت کی۔ دیگر افسران میں شکاری پور تعلق لیبر انسپکٹر سکھیتا، تعلق ہیلتھ افسر ڈاکٹر چندرشیکھر، ضلع لیبر افسر جناب وشوناتھ، ضلع لیبر انسپکٹر جناب بھیمیش، ضلع لیبر یونین صدر بی، سبرامنیا، ضلع ورکنگ صدر جناب سندر بابو، ضلع رولر صدر جناب سنجے کمار، ضلع نائب صدر منی کنٹھا، ضلع سکریٹری آر مگن، شکاری پور تعلق لیبر یونین صدر جناب رحیم، نائب صدر جناب سنتو، محترمہ شہناز زوجہ آدم باشاہ وغیرہ اس خصوصی پروگرام میں شامل تھے۔ ایم پی جناب راگھویندراجی نے سی ایم کی طرف سے مزدوروں کو دئیے گئے عطیے کی رقم چیک کی شکل میں تقسیم کیے، جن سے سیکڑوں مزدوروں کو ریلیف ملی۔جب کہ شہناز زوجہ مرحوم آدم باشاہ کو کمپن سیشن کے طور پر دو لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت ہم سبھی لوگ ایک عالمی وبارکورونا کے قہر سے گذررہے ہیں۔ اس وبا کو شکست دینے والا ہتھیار ویکسین ہے، حکومت شہروں سے لے کر گاؤں تک اور گاؤں سے لے کر قریوں تک بلکہ ایک ایک فرد تک مفت ویکسین پہونچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ہمارا اور آپ کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم متحد ہو کر اس مہم کو کامیاب بنائیں تا کہ ہم کورونا کی جنگ جیت کر زندگی کو پھر سے پٹری پر لاسکیں۔ حکومت نے باالخصوص وزیر اعلیٰ شری ایڈیورپا جی نے خصوصی توجہ دے کر شکاری پور کے اسپتال میں بیڈوں کی قابل قدر توسیع کی ہے۔ ایک ہزار مریضوں کے لیے ہر طرح کی سہولتوں سے آراستہ بیڈس کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ آپ کی سرکار اور خود میری دلچسپی حفظان صحت میں بہت زیادہ ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ صحت کے معاملے میں کسی طرح کے سمجھوتے کی نوبت نہ آئے۔
انہوں نے خصوصی طور پرمزدوروں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ ہی کی محنتوں سے کوئی بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔ اس لیے آپ کے حقوق کا ہر حال میں خیال رکھا جائے گا اور جہاں تک ممکن ہو گا آپ کی سہولت کے لیے کام کیے جائیں گے۔ انہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر مزدوروں کے قیام کے لیے بہت ہی مناسب انتظام کیا جائے گا۔ اور اتنی وسعت سے کام کیا جائے گا کہ ایک ہزار مزدور بہ سہولت قیام کر سکیں گے۔اسٹیج پر موجود تمام افسروں نے لوگوں سے مخاطب ہو کر ویکسین لینے اور اس مہم کوکامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔
انجمن اسلام شکاری پور، ضلع شیموگہ کے صدر حافظ کرناٹکی نے کہا کہ؛ ہم سب ہندوستانی ہیں، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک صحت مند ہندوستان کے سپنے کو ساکار کرنے میں ہر طرح اپنا تعاون پیش کریں۔ اور اتحاد و اتفاق اور اعتماد و ایقان کی فضا بناکر عالمی وبا کورونا کو ہرانے کے لیے حکومت کے ویکسین پروگرام کو تقویت بخشیں۔ آج کل موبائیل عام ہوچکا ہے۔ واٹس اپ پر طرح طرح کی غیر محقق خبریں گردش کرتی رہتی ہیں۔ افواہیںاٹھتی رہتی ہیں۔ اس لیے اس پر بالکل دھیان نہ دیں اور نہ غیر محقق پیغامات کو دوسروں کو بھیجنے کی غیر ذمہ دارانہ حرکت کریں۔ حکومت نے مفت ویکسین کا انتظام کیا ہے، اس کا فائدہ اٹھائیں۔
اس بات پر یقین رکھیں کہ ملک کے بڑے بڑے علماء، دانشور، مدبر، صحافی، اساتذہ اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے اہم لوگوں نے ویکسین کی تائید کی ہے۔ تو یقینا یہ ہر طرح محفوظ ہے اور کورونا سے لڑنے کا سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ آج ساری دنیا میں ویکسنیشن کا عمل جاری ہے، اس لیے بے فکری کے ساتھ ویکسین لے کر صحت کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ظاہر ہے کہ اس وبا نے تعلیم و تجارت سے لے کر زندگی کے ہر شعبے کو بے طرح متأثر کیا ہے۔ زندگی کی گاڑی کو پٹری سے اتار کر رکھ دیا ہے۔ زندگی کو پٹری پر لانے کے لیے ویکسین ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔ اس لیے اس طاقت سے خود کو محروم نہ رکھیں۔حافظ کرناٹکی نے ایم پی جناب راگھویندرا کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ ویکسنیشن کے لیے ایسا انتظام کردیں جہاں پردہ نشین خواتین بلاتکلف جاکر ویکسین لگواسکیں، انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ امیر شریعت کرناٹک دامت برکاتہم اور جامعہ مسجد بنگلور کے امام و خطیب محترم مقصود عمران صاحب زیدمجدکم بھی ویکسین لینے کی تائید کر چکے ہیں۔ اس لیے ہر طرح کے شکوک سے بالاتر ہو کر حفظان صحت کی فکر کریں۔
عبدالرّحمان صاحب نے تمام مہمانوں کی شال پوشی کی اور لیبر اسوایشن شکاری پور تعلق کے صدر جناب عبدالرّحیم نے تمام مہمانان گرامی اور شرکاء مجلس کا شکریہ اداکیا۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

Back to top button
Close
Close