بزرگ کی پٹائی کرنے والی پانچ خواتین کے خلاف مقدمہ درج
سامان کے پیسے مانگنے پر خواتین نے ضعیف شخص کو زخمی کر دیا تھا

دیوبند،4؍ جون (رضوان سلمانی) پولیس نے سامان کے بدلے رقم کا مطالبہ کرنے پر خواتین کے ذریعہ ایک معمر شخص کو مار پیٹ اور زخمی کرنے کے معاملے میں عدالت کے حکم پر دو بہنوں سمیت پانچ خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
علاقہ کے موضع سلطان پور باستم گاؤں کے رہنے والے 70 سالہ نریش نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ خاندان کی کفالت کے لیے گاؤں میں ایک چھوٹی سی دکان چلاتا ہے۔ 29 مارچ کو گاؤں کے ایک بچے نے اس کی دکان سے سامان خریدا۔ بار بار کہنے کے باوجود بچے نے سامان کے پیسے نہیں دیئے۔ الزام ہے کہ کچھ دیر بعد گاؤں کی گڑیا اپنی بہن پرینکا، سوم وتی، چھوٹی اور روبی کے ساتھ ہاتھوں میں لاٹھیڈنڈے لے کر اس کی دکان پر آئی اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے حملہ کردیا۔
جس میں اسے شدید چوٹیں آئیں ہیں۔ بزرگ کا کہنا ہے کہ جب اس نے اس سلسلے میں پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا تو پولیس نے امن تحلیل کے معاملہ میں ایک ملزم خاتون کا چالان کرکے معاملہ رفع دفع کردیا۔ جس کی وجہ سے انہیں عدالت کا سہارا لینا پڑا۔ پولیس نے عدالت کے حکم پر دونوں بہنوں سمیت پانچ خواتین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔