بزرگ شہریوں کو ریل کرایوں میں رعایت بحال نہیں ہوگی : وزیر ریل

نئی دہلی16مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) اچھے دن کے نام پرآئی سرکارمیں جہاں مہنگائی نے کمرتوڑدی ہے وہیں ریلوے میں لوٹ زبردست جاری ہے۔کرائے بہت بڑھادیے گئے ہیں۔پہلے کمبل اورکھانابندکیاگیا،اب اسے چالوکیاگیالیکن کرایہ خوب لیاجارہاہے۔کرائے پرطرح طرح کے ٹیکس الگ لیے جارہے ہیں۔اب کروڑوں بزرگ شہریوں کے لیے بری خبر ہے۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریل کے کرایوں میں بزرگ شہریوں کو دی گئی چھوٹ پر پابندی فی الحال برقرار رہے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ بزرگ شہری جو پابندی ہٹائے جانے کا انتظار کر رہے ہیں، انہیں فی الحال پورا ریل کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔کورونا وبا کی وجہ سے مارچ 2020 میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ٹرین کا سفر مکمل طور پر ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد ٹرین کا سفر شروع ہوا لیکن کرائے میں رعایت صرف تین قسم کے مسافروں کے لیے بحال کی گئی ہے۔ ان میں چار قسم کے معذور افراد، 11 اقسام کے امراض میں مبتلا مریض اور طلباء شامل ہیں۔
اپنے تحریری جواب میں وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث لاک ڈاؤن اور اس کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی جس سے ریلوے کی آمدنی بھی متاثر ہوئی ہے۔ جواب کے مطابق، 2019-20 کے مقابلے 2020-21 کے دوران ریلوے کے ذریعے مسافروں کی کمائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ریلوے کے وزیر نے واضح طور پر کہا ہے کہ چونکہ ٹکٹ کے کرایے میں رعایت سے ریلوے پر بہت زیادہ بوجھ پڑتا ہے، اس لیے کچھ دیگر زمروں کے مسافروں بشمول بزرگ شہریوں کو دی جانے والی چھوٹ پر پابندیاں فی الحال برقرار رہیں گی۔