دیوبند

بجلی چوری روکنے کے لیے مہم شروع،درجنوں افراد کے خلاف رپورٹ درج

محکمہ بجلی کے افسران پر کسانوں نے لگایا ناجائز وصولی کا الزام

دیوبند، 18؍ جنوری (رضوان سلمانی) محکمہ بجلی کی جانب سے پورے ضلع میں بجلی چوری روکنے اور بقایا وصولی کے لئے خاص مہم چلائی جارہی ہے ، گزشتہ دو روز سے دیوبند شہر میں بھی زبردست مہم شروع کی گئی ہے ۔ ایک طرف جہاں ویجیلینس کی ٹیم نے شہر کے کئی مقامات پر بجلی چوری پکڑی وہیں محکمہ کی ٹیمو ں نے مہم چلاکر تقریباً 7لاکھ روپے بقایا وصول کئے، محکمہ بجلی کی کارروائی سے لوگوں میں افراتفری مچی رہی ۔ آج سہارنپور سے آئے ویجیلینبس انسپکٹر رجنیش کمار نے ٹیم کے ساتھ شہر کے اسلامیہ بازار ، ہنومان چوک ، لال مسجد ا ور جامع مسجد کے آس پاس چیکنگ مہم شروع کی ، اس دوران کئی لوگوں کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ۔

رجنیش کمار نے بتایا کہ سبھی لوگوں کے خلاف بجلی چوری کی رپورٹ کرائی جائے گی ۔جب کہ ایس ڈی او سدھاکر کی قیادت میں شہر میں بقایا وصولی مہم چلائی گئی ، ٹیموں نے شہر کے مختلف محلوں میں پہنچ کر بقایا داروں کے کنیکشن کاٹے اور بجلی کے بلوں کی وصولی کی۔ ایکس ای این سدھاکر نے بتایا کہ مہم کے تحت صارفین سے تقریباً 7لاکھ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ انہو ںنے صارفین سے جلد سے جلد بل جمع کراکر پریشانی سے بچنے کی اپیل کی۔ وہیں بجلی چوری روکنے اور بقایہ بلوں کی وصولی کے لیے پاور کارپوریشن کی جانب سے مسلسل مسلسل چلائی جارہی ہے۔ گزشتہ کل بھی کارپوریشن کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں مہم چلا کر بجلی چوری پکڑی۔ اس معاملے میں 25 صارفین کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔اس دوران بقایہ بلوںکی وصولی کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کرنے والے بھی پکڑے گئے۔ کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئر سدھاکر نے کہا کہ پولیس اور کارپوریشن کی ٹیموں کو ساتھ لے کر بقایہ بلوں کی وصولی اور بجلی چوری روکنے کے لیے مہم چلائی گئی تھی۔ اس دوران 25 صارفین بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔ جن کے خلاف بجلی چور ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایکس ای این نے واضح طور پر کہا کہ بل جمع نہ کرانے والے کو بجلی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔ اس موقع پر انل کمار چورسیا، محمد ذیشان، ششی کانت، رنکو کمار، موہن وغیرہ موجود رہے۔ دوسری جانب اسی کے ساتھ ساتھ ناگل علاقہ کے کسانو ںنے محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ناجائز وصولی کا الزام عائد کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق محکمہ بجلی کی جانب سے کی جارہی چھاپہ ماری سے ناراض کسان ناگل بجلی گھر پہنچے جہاں ایس ڈی او اور جے ای کے نہ ملنے پر ناراض کسان بھارتیہ کسان یونین ٹکیت کے بینر تلے افسران پر ناجائز وصولی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی اور بجلی گھر پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ بھارتیہ کسان یونین ٹکیت کے بلاک صدر موسیٰ پردھان نے کہا کہ ایس ڈی او اور جے ای کے ذریعہ گائوں میں پولیس فورس کے ساتھ بلاوجہ پریشان کیا جارہا ہے ، دیہی علاقوں میں رہنے والے غریب اور مزدور طبقے کو ایف آئی آر کا خوف دکھاکر ان سے ناجائز وصولی کی جارہی ہے ۔ کسان لیڈر یوگیندر سنگھ پپو نے کہا کہ جب تک اس سلسلہ میں محکمہ بجلی کے افسران چھاپہ ماری بند کرکے کوئی اطمینان بخش یقین دہانی نہیں کراتے تب تک ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ اس دوران راجیو پردھان، کنہیا پردھان وغیرہ نے بھی اپنے گائوں میں پولیس فورس کے ساتھ پہنچ کر گائوں کے باشندوں کو خوف زدہ کرکے ناجائز وصولی کا الزام لگایا ۔ اس موقع پر پرنس چودھری، انتظار، برہم پال، سریش، فیصل، شہزاد، نعمان، راج بیر، بھورا، پریم سنگھ، تحسین وغیرہ موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button