بالاصاحب ٹھاکرے کا شاگرد ہوں،جھکوں گا نہیں،ای ڈی کی کارروائی پر سنجے راوت کامودی سرکارپرحملہ،میں نیرومودی اورمیہول چوکسی نہیں

ممبئی 5اپریل (ہندوستان اردو ٹائمز) شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ای ڈی کی طرف سے اپنے فلیٹ اورپلاٹ کی قرق کے بارے میں انہوں نے کہاہے کہ چاہے مجھے گولی مار دی جائے یا جیل بھیجاجائے، میں خاموش نہیں بیٹھوں گا۔
سنجے راوت نے کہاہے کہ میں بالا صاحب ٹھاکرے کا شاگرد ہوں اور جھک نہیں سکتاہوں۔ سنجے راوت نے کہاہے کہ آخر جائیداد کا مطلب کیا ہے؟ کیا میں میہول چوکسی ہوں، نیرو مودی یا وجے مالیا؟ میں امبانی یا اڈانی بھی نہیں ہوں۔ میں جس گھر میں رہتا ہوں وہ چھوٹا ہے۔ میری آبائی جگہ علی باغ میں ایک ایکڑ زمین بھی نہیں ہے۔ ہم نے جو کچھ بھی لیا ہے وہ محنت کی کمائی سے خریدا ہے جو 2009 میں لیا گیا تھا۔
سنجے راوت نے ای ڈی کی کارروائی کو انتقام کی کارروائی قرار دیاہے۔ انہوں نے کہاہے کہ یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ انتقامی کارروائی سے ہو رہا ہے۔ مجھے پہلے ہی دھمکیاں مل رہی تھیں کہ اگر آپ مہاراشٹر حکومت کو گرانے میں تعاون نہیں کریں گے تو مرکزی ایجنسیاں کارروائی کریں گی۔ شیو سینا کے راجیہ سبھا ایم پی نے انتہائی سخت اندازمیں کہاہے کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، چاہے ہم گولی مار دیں۔ جائیداد ضبط کریں یا جیل بھیج دیں۔
سنجے راوت بالا صاحب ٹھاکرے کے شاگرد ہیں، خاموش نہیں بیٹھیں گے اور آپ لوگوں کا پول کھولتے رہیں گے۔ دو سال سے کارروائی جاری ہے لیکن میں خاموش نہیں بیٹھا۔ اب جس نے چھلانگ لگانی ہے، کودتا رہے، ناچتا رہے۔ آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا کہ حقیقت کیا ہے۔