بازار میں سڑک پر نماز پڑھنے کی پاداش میں ۸؍ گرفتار

ہری دوار ،23جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز) بیچ بازار میں نماز پڑھنے پر 8 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ معاملہ ہریدوار کے رانی پور علاقے کے شیوالک نگر کا ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ 20 جولائی کو ہفتہ واری بازار میں کچھ لوگوں نے نماز پڑھی تھی، جس کے متعلق پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ان سب کو ایک دن جیل میں رہنا پڑا۔ 21 جولائی کو پولیس نے تمام ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں ضمانت مل گئی، تاہم یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اس پر بحث چھڑ گئی ہے۔
آج تک کے مطابق ملزمان نے بغیر اجازت عوامی جگہ پر نماز ادا کی تھی۔ اس لیے ان کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ 151 (قابو پانے والے جرم کو روکنے کے لیے گرفتاری) کے تحت کارروائی کی گئی۔ہریدوار ڈی ایس پی نہاریکا سیموال نے کہا کہ یہ اصول ہر کسی کے لیے ہے چاہے ہندو ہو یا مسلمان، وہ عوامی جگہ پر کہیں بھی ایسا کام نہیں کر سکتے۔ خلاف گئے تو کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کل بارش ہو رہی تھی۔ان لوگوں نے شیوالک نگر کے عقبی بازار کی گلیوں میں دکانداروں نے جا نماز بچھاکر نماز پڑھنا شروع کر دی۔ کچھ لوگوں نے اس پر اعتراض کیا۔ پولس میں شکایت کی گئی۔ یہ کانور یاترا کا وقت ہے، دوسروں کو قابل اعتراض لگا، اس لیے ہم نے ان کے خلاف کارروائی کی، انہیں ایک دن کے لیے جیل بھیج دیا گیاگیا۔