بارش ہوتے ہی بجلی سپلائی دس گھنٹوں کیلئے ٹھپ
33؍کے وی اے کے بجلی گھر سے بریک ڈاؤن کے سبب بجلی سپلائی متاثر ہوئی۔ایس ڈی او

دیوبند، 17؍ جون (رضوان سلمانی) برسات کے موسم کا آغاز ہوچکا ہے ،گزشتہ شب آندھی کے ساتھ بارش ہوتی رہی لیکن اس آندھی اور بارش کے چلتے دیوبندمیں دس گھنٹوں تک بجلی سپلائی ٹھپ رہی جس کیوجہ سے انورٹر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ۔تفصیل کے مطابق گزشتہ دیررات آندھی چلنے کے سبب تقریباً 2.30بجے بجلی سپلائی بند ہوگئی اور پورا دیوبند اندھیرے میں ڈوب گیا ۔
بارش اور آندھی کے سبب آدھی رات کے بعد بجلی سپلائی بند ہونے سے دیوبند کی عوام پریشان ہے لیکن صبح 9؍بجے کے قریب ہی بجلی محکمہ نے بجلی کی سپلائی بحال کی لیکن کچھ دیر کے بعد بجلی پھر سے غائب ہوگئی جس کیوجہ سے لوگوں کے گھروں میں رکھے انورٹر بھی خالی ہوگئے ۔بتایا جاتا ہے کہ آندھی اور بارش کے سبب سانپلہ روڑ پر واقع 33کے وی اے بجلی گھر سے بریک ڈاؤن ہونے کے سبب کئی علاقوں کی بجلی 6؍سے 10؍گھنٹوں تک مسلسل بند رہی ۔
لگاتار دس گھنٹوں تک بجلی سپلائی بند رہنے کے سبب لوگوں کو اسلئے زیادہ پریشانی ہوئی کیونکہ جمعہ کا دن ہونے کے سبب اکثر لوگ نماز جمعہ کی تیاری 9؍بجے سے ہی شروع کردیتے ہیں لیکن جب انورٹر بھی جواب دے گئے تو لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ اس درمیان موسم خوشگوار ہوجانے کیوجہ سے لوگوں کو زیادہ گرمی کا احساس نہیں ہوا۔
بجلی محکمہ کے ایس ڈی او اے کے چورسیا نے بتایا کہ آندھی اور بارش کے سبب 33؍کے وی اے کے بجلی گھر میں اچانک بریک ڈاؤن ہوجانے کے سبب بجلی سپلائی بندہوگئی ۔اس خرابی کو جلد از جلد درست کرنے کے لئے بجلی محکمہ کے انجینئرودیگر ملازمین گھنٹوں کی جد وجہد کے بعد بجلی سپلائی بحال کرنے میں کامیاب ہوئے ۔