دیوبند

ایک دو دنوں کیلئے گوشت کھانے سے خود کو روکئے: گجرات ہائی کورٹ

احمد آباد ، 31اگست (ہندوستان اردو ٹائمز ) احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) کے جین برادری کے تہوار کے موقع پر شہر کے واحد سلاٹرہاؤس کو بند کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے گجرات ہائی کورٹ نے عرضی گزار سے کہا کہ خود کو گوشت کھانے سے ایک دو دنوں کے لیے روکیں۔جسٹس سندیپ بھٹ کی بنچ کل ہند جمعیت القریش ایکشن کمیٹی، گجرات کی طرف سے دائر کی گئی ایک عرضی پر غور کر رہی تھی، جس میں دانش قریشی رضا والا اور ایک اور شخص کی طرف سے شہر کے واحد سلاٹر ہاوس کو بند کرنے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جب درخواست گزار ذاتی طور پر بنچ کے سامنے پیش ہوئے تو عدالت نے ان سے پوچھا کہ آپ آخری لمحات میں کیوں بھاگ رہے ہیں، ہم اس پر غور نہیں کریں گے۔ ہر موسم میں آپ عدالت جاتے ہیں۔ آپ 1-2 دن گوشت سے اپنے آپ کو کھانے سے روکیں۔

اس پر درخواست گزار نے ذاتی طور پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحمل سے متعلق نہیں، شہریوں کے بنیادی حقوق سے متعلق ہے اور ہم اپنے ملک میں سوچ بھی نہیں سکتے کہ ہمارے بنیادی حقوق کو ایک منٹ کے لیے بھی سلب کئے جائیں گے۔ دیگر سابقہ مواقع پر بھی سلاٹر ہاؤس بند کر دیے گئے تھے۔ اس لیے ہم عدالت کے سامنے آئے ہیں، اگر وہ مناسب حکم دے تو یہ عمل باقی وقت کے لیے بھی روکا جا سکتا ہے۔ اس تنازعہ کے پیش نظر عدالت نے درخواست گزار سے ذاتی طور پر اس معاملے پر بحث کرنے کو کہا۔

درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ 18 اگست 2022 کو اے ایم سی کے سامنے دو افراد کی جانب سے پیش کی گئی نمائندگی کی بنیاد پر اس نے جین برادری کے تہوار کے پیش نظر شہر میں واحد سلاٹرہاوس کے لیے قرارداد منظور کی۔ مزید یہ دلیل دی گئی کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن (این آئی این) کے رہنما خطوط کے مطابق پروٹین سے بھرپور غذائیں استعمال کرنی چاہئے۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ بھی دلیل دی گئی کہ دسمبر 2021 میں گجرات ہائی کورٹ کے زبانی ریمارکس نے اے ایم سی کو لوگوں کے کھانے کی عادات کو کنٹرول کرنے کی کوشش نہ کرنے کی یاد دلائی۔واضح رہے کہ احمد آباد کی سڑکوں پر نان ویجیٹیرین کھانا فروخت کرنے سے منع کرنے والے اسٹریٹ فروشوں کی جانب سے دائر درخواست پر غور کرتے ہوئے گجرات ہائی کورٹ نے 9 دسمبر کو احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) کو پھٹکار لگائی تھی اور مشاہدہ کیا تھا کہ کیا لوگوں کو اس سے روکا جا سکتا ہے۔

جسٹس برین ویشنو کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ آپ کو نان ویجیٹیرین کھانا پسند نہیں، یہ آپ کی مرضی ہے۔ آپ یہ کیسے طے کر سکتے ہیں کہ لوگوں کو کیا کھانا چاہیے؟ آپ لوگوں کو ان کی پسند کا کھانا کھانے سے کیسے روک سکتے ہیں؟ اس پس منظر میںدرخواست گزار نے معاملے میں عجلت کی وجہ سے جواب دہندگان سے جوابی حلف نامے طلب کیے بغیر عبوری ریلیف کی درخواست کی،تاہم کسی بھی عبوری ریلیف سے انکار کرتے ہوئے عدالت نے معاملہ کی مزید سماعت 2 ستمبر2022 تک کے لیے ملتوی کر دی اور درخواست گزار سے کہا کہ وہ عدالت کے ریکارڈ پر مزید مواد لائیں جس میں 9 دسمبر 2021 کا ہائی کورٹ کا حکم بھی شامل ہے۔ عدالت نے کہا کہ مواد لے کر آئیں پھر ہم اس پر غور کریں گے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button