ایران کلچر ہائوس کے کونسلر ڈاکٹر محمد علی ربانی نے دارالعلوم اور دارالعلوم وقف کا دورہ کیا
ہندوستان اور ایران کی مشترکہ تہذیب ہے جس میں دونوں ہی ملکوں کی تہذیبی روایات کا حسین سنگم نظر آتا ہے: ڈاکٹر محمد علی ربانی

دیوبند، 15؍ ستمبر (رضوان سلمانی) ایران ایمبیسی کے ایران کلچر ہائوس کے کونسلر ڈاکٹر محمد علی ربانی نے دیوبند کا دورہ کیا ۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی سے مہمان خانہ میں ملاقات کی۔ اسی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر محمد علی ربانی نے دارالعلوم وقف دیوبند کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کونسلر ڈاکٹر محمد علی ربانی کا استقبال کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند میں دی جانے والی تعلیم کے سلسلہ میں انہیں تفصیل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی ربانی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند آنے کی ان کی بڑی خواہش تھی جو آج پوری ہوئی۔ ڈاکٹر محمد علی ربانی نے ہندوستان اور ایران کی تہذیب کے بارے میں بتایاکہ یہ ایک مشترکہ تہذیب ہے جس میں دونوں ہی ملکوں کی تہذیبی روایات کا حسین سنگم نظر آتا ہے۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے مختلف شعبوں کو دیکھنے کے بعد کافی متأثر ہوئے اور انہوں نے نظام تعلیم کی ستائش کی۔ دارالعلوم دیوبند کی لائبریری دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں کتب خانوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور یہ عظیم کتب خانہ جس میں زبور، توریت اور حضرت عالمگیر کے ہاتھ سے تحریر کردہ قرآن کریم بھی موجود ہے ، یہ ایک نایاب کتب خانہ ہے۔ انہوں نے لائبریری میں موجود فارسی کتب جن کی تعداد تقریباً ڈیڑھ ہزار ہے، دیکھ کر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور دارالعلوم کے ذمہ داران کو ایران آنے کی دعوت دی اور کہا کہ ایران میں آکر سبھی مسلک کے مدارس کا بچشم خود معائنہ کریں۔ بعد ازاں ایران کلچر ہائوس کے کونسلر ڈاکٹر محمد علی ربانی دارالعلوم وقف پہنچے اور وہاں پر انہوں نے ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی سے ملاقات کی اور ادارہ کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر تعلیم کے بڑے مرکز ہیں اور یہاں سے تعلیم حاصل کرکے طلبہ پوری دنیا میں دین کی روشنی پھیلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دیوبند آکر بڑی خوشی ہوئی اور یہاں کے علماء سے ملاقات کرکے وہ اپنے آپ کو فخر محسوس کررہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد علی ربانی نے مولانا محمد سفیان قاسمی کو بھی ایران آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے خطاطی کے لئے یہاں کے علماء سے تبادلہ خیال کیا اور فارسی سعدی خوانی اور مسابقات قرآنی میں تمام علماء اور دانشوران سے شرکت کی درخواست کی۔
واضح ہو کہ ڈاکٹرربانی کا یہ دورہ مولانا شہزاد قاسمی کی دعوت پر ہوا جنہیں ایران کلچر ہائوس کی جانب سے دیوبند میں فارسی زبان کا استاذ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اہل دیوبند سے اپیل کی کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور فارسی زبان سیکھیں ۔ دارالعلوم دیوبند کے مہمان خا نہ میں قیام کے دوران شہر کے معزز حضرات نے ان سے ملاقات کی اور ایران کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ، جس میں خاص طور سے سلیم عثمانی، ڈاکٹر ایس اے عزیز، مولانا راشد جمال، جاوید آسی، ریحان انصاری وغیرہ شامل ہیں ۔ ڈاکٹر محمد علی ربانی نے مدرسہ تدریس القرآن کا بھی دورہ کیا جہاں پر ادارہ کے مہتمم قاری توحید نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مترجم کے طو رپر مہدی باقر موجود تھے ۔ جب کہ پروگرام کی ترتیب ورابطہ کے لئے قاری یاسین پیش پیش رہے۔