ایئرپورٹ پر صفائی کا کام کرنے والا نوجوان ملٹی نیشنل کمپنی کا مالک بن گیا

یوپی (ہندوستان اردو ٹائمز) ایک وقت میں ایئرپورٹ پر صفائی کی ملازمت کرنے والا بھارتی نوجوان عامر قطب آج اپنی ملٹی نیشنل کمپنی کا مالک اور کروڑ پتی شخص ہے اور آسٹریلیا کا ’ینگ بزنس لیڈر آف دی ایئر کا ایوارڈ‘ بھی جیت چکا ہے۔ عامر قطب کی کہانی نئی نسل کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق عامر قطب اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے رہائشی ہیں۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ وہ یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے سیکرٹری بھی رہے۔
رپورٹ کے مطابق عامر قطب نئی دہلی میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔ تاہم انہوں نے یہ نوکری چھوڑ دی اور آسٹریلیا چلے گئے۔ وہاں انہیں نے 4ماہ میں 170جگہ نوکری کی درخواستیں دیں مگر کہیں نوکری نہ ملی۔ اس دوران انہوں نے وہاں ایئرپورٹ پر جھاڑو لگایا، اخبار بانٹے اور دیگر کئی ادنیٰ نوکریاں کیں۔ ان نوکریوں کے ساتھ عامر قطب آسٹریلیا کی Deakinیونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری بھی حاصل کی۔
عامر قطب نے آسٹریلیا میں اپنی ایک آئی ٹی کمپنی کی بنیاد رکھی جو اب کئی ممالک میں اپنی سروسز مہیا کر رہی ہے اور اس کے اثاثے کروڑوں ڈالرز میں ہیں۔ عامر قطب اب اپنی اہلیہ کے ہمراہ آسٹریلیا میں ذاتی گھر میں مقیم ہیں اور پرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابی کے پیچھے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان کے ویژن اور مشن کے مطابق علی گڑھ یونیورسٹی کے ہر طالب علم کو بھارت میں یا کسی بھی دوسرے ملک میں ایک تعلیمی ادارہ لازمی قائم کرنا چاہیے۔