اہم خبریں

پریاگ راج: آر بی آئی کی رپورٹ پر پرمود تیواری کا مرکزی حکومت پرنشانہ: معاشی محاذ پر ناکام ثابت ہوئی مودی حکومت

پریاگراج ،14 ؍نومبر( آئی این ایس انڈیا ) کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری نے سابق امریکی صدر باراک اوباما کی طرف سے راہل گاندھی پر کئے گئے تبصرے اور اس پر بی جے پی قائدین کے طنز پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے تمام رہنماؤں کے عزت و احترام کا تحفظ کرے۔پرمود تیواری کا کہنا ہے کہ بیرونی لوگوں کے ذریعہ ملک کے قائدین پر متنازعہ بیان دینا درست نہیں ہے۔ ان کے بقول بی جے پی کے ایسے رہنماؤں کو راہل گاندھی پر طنز کرنے سے پہلے یاد رکھنا چاہئے کہ کچھ سال قبل اسی امریکہ نے ملک کے ایک بڑے لیڈر کا مذاق اڑایا تھا۔پرمود تیواری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے بطور فریق امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جس طرح سے حمایت کی، اس کے بعد امریکہ کے دیگر رہنماؤں نے ہندوستانی کے عوام کے خلاف اس طرح کی بیان بازی کی ہے۔ پی ایم مودی نے ٹرمپ کو کھلی حمایت دے کر امریکی رہنماؤں کے ساتھ ملک کے تعلقات خراب کردیئے ہیں۔ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ میں مہنگائی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی حکومت معاشی محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ان کے بقول نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ساتھ ساتھ، مرکزی حکومت کی جانب سے کورونا کو روکنے کے لئے دیر سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے ملک مالی طور پر پسماندہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف کانگریس کی پالیسیاں ہی ملک کو معاشی بحران سے بچاسکتی ہیں۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

Back to top button
Close
Close