امت شاہ کے گھرحکام کی طویل میٹنگ،شردپوارنے کسانوں سے ’گھرواپسی‘ کی اپیل کی
نئی دہلی26جنوری(آئی این ایس انڈیا) یوم جمہوریہ پریڈکے درمیان مظاہرین نے دارالحکومت میں مختلف مقامات پرتشددکیا۔ مظاہرین کی ایک بڑی تعدادٹریکٹروں کے ساتھ لال قلعہ پہنچی۔ پھر احتجاج کرنے والے کسان لال قلعے میں داخل ہوئے۔ مظاہرین نے لال قلعہ میں اپنا جھنڈا لہرایا۔ دارالحکومت میں آئی ٹی او پر مظاہرین نے بیریکیڈتوڑ دیے۔ جیسے جیسے یہ ہنگامہ بڑھتا گیا ،پولیس نے یہاں کے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ کے گھر پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی ہے۔یہ میٹنگ تقریباََ 2 گھنٹے جاری رہی۔ سابق وزیر زراعت شرد پوار نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کے واقعے کے پیش نظر گھر واپس آجائیں۔ انہوں نے کہاہے کہ آج جس طرح سے تحریک کو ہینڈل کیا گیا وہ افسوسناک ہے۔ اپوزیشن میں بیٹھے ہم سبھی کسانوں کی حمایت کرتے ہیں اور میں اپیل کرتا ہوں کہ اب آپ (کسان) پْرامن طور پر اپنے اپنے گاؤں واپس چلے جائیں اور حکومت کو آپ پر الزام لگانے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہیے۔