اہم خبر : ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہنگامہ، ایک کسان کی موت، کسانوں نے لال قلعہ پر لہرایا پرچم ، انٹرنیٹ بھی کیا گیا بند
کسانوں نے لال قلعہ پر لہرایا پرچم
دہلی پولیس کے طے کئے گئے راستہ کی بجائے بڑی تعداد میں مظاہرین کسان دوسرے راستہ سے دہلی میں داخل ہوئے اور لال قلعہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ یہاں سینکڑوں کسانوں نے نے اپنے ہاتھوں میں اپنی تنظیم کے جھنڈے تھامے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک کسان نے آگے بڑھتے ہوئے لال قلعہ پر لگے کھمبے پر اپنا جھنڈا لہرا دیا۔
مظاہرہ کرنے والے ایک کسان کی موت
کسان پریڈ نکالنے کے دوران پولیس کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں ایک کسان کی موت ہو گئی ہے۔ جان گنوانے والا کسان اتراکھنڈ کا رہائشی تھا اور اس کا نام نونیت تھا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ نونیت کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی ہے۔
کسان پریڈ کے دوران ہنگامہ، راہل کی امن برقرار رکھنے اور قوانین واپسی کی اپیل
کسانوں کی دہلی میں نکل رہی ٹریکٹر پریڈ میں ہنگامہ آرائی کے درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندبی نے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’تشدد کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔ چوٹ کسی کو بھی لگے، نقصان ہمارے ملک کا ہی ہوگا۔ ملک کے مفاد میں زرعی قوانین واپس لو۔‘‘