ہندوستان اردو ٹائمز

ملک میں اب تک 10 فیصد آبادی کا ہوا کورونا ٹیسٹ ، دہلی کورونا جانچ میں سرفہرست

نئی دہلی،28 ؍نومبر( آئی این ایس انڈیا ) ملک میں کورونا وائرس کے کل کیسز93.5 لاکھ کو عبور کرچکے ہیں۔ پہلے کے مقابلے میں روزانہ آنے والے نئے کیسزکی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دریں اثنا ہندوستان میں کورونا ٹیسٹنگ کی سطح ہر 10 لاکھ آبادی میں ایک لاکھ ٹیسٹ سے آگے جاچکی ہے۔ یعنی ملک کی 10 فیصد آبادی کا کورونا ٹیسٹ ہوچکا ہے۔ اب تک ملک میں مجموعی طور پر 138220354 (13.82 کروڑ) ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ 100159.7 ٹیسٹ ہر 10 لاکھ آبادی پر ہو چکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی میں فی 10 لاکھ آبادی میں سب سے زیادہ جانچ کا ریکارڈ دارالحکومت دہلی کا ہے، جبکہ ناگالینڈ میں سب سے کم جانچ ہوئی ہے۔ دہلی ہر دس لاکھ آبادی پر ٹیسٹ کی تعداد کے لحاظ سے ملک میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ملک میں مجموعی طور پر 23 ریاست یا مرکز کے زیر انتظام صوبے ایسے ہیں جہاں فی دس لاکھ آبادی میں ٹیسٹوں کی تعداد قومی اوسط سے زیادہ ہے جبکہ 13 ریاستیں یا مرکزکے زیر انتظام صوبے ایسے ہیں جہاں فی دس لاکھ آبادی پر ہونے والی ٹیسٹوں کی تعداد قومی اوسط سے کم ہے۔