ہندوستان اردو ٹائمز

خلیق احمد نظامی مرکز علوم القرآن میں قومی سیمینار کا آغاز : قومی یومِ سائنس پر خصوصی خطبہ

علی گڑھ یکم مارچ(آئی این ایس انڈیا) خلیق احمدنظامی مرکزعلوم القرآن، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی جانب سے دو روزہ آن لائن قومی سیمینار بعنوان ’’ ہم قرآن کریم کو کیسے سمجھیں: معیارات اورمشورے‘‘کا آج آغاز ہوا۔ اس میں متعدد ماہرین قرآنیات شریک ہوئے۔ سیمینار کے لئے ۶۲ سے زیادہ مقالہ نگاروں نے اپنی تحریریں ارسال کیں۔سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر عبد الرحیم قدوائی کی جانب سے شرکاء سیمینار اور تمام مہمانوں کا تہہ دل سے استقبال کیا گیا۔ صدر اجلاس پروفیسر ظفر الاسلام اصلاحی نے اپنے خطاب میں سیمینار کے مرکزی موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کی اہمیت و ضرورت بیان کی۔ انھوں نے کہاکہ قرآن سمجھنے کے لیے آسان ہے۔ یہ سیمینار فہم قرآن کی عظیم کوشش ہے۔ فہم قرآن کے تمام ذرائع استعمال کریں اور اللہ تعالی سے دعا مانگتے رہیں۔ اللہ کی توفیق کے بغیر کسی مسئلہ کا حل نہیں۔ آخر میں سیمینار کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر محمد مبین سلیم نے شرکاء سیمینار کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سیمینار سے فہم قرآن کے مختلف پہلو سامنے آئیں گے۔ بحث ومباحثے کے بعد آنے والے نتائج و سفارشات فہم قرآن کے لیے رہنما اصول کا کام کریں گے۔افتتاحی اجلاس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ایوب اکرم (اسسٹنٹ پروفیسر) نے انجام دیئے۔

قومی یومِ سائنس پر خصوصی خطبہ

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریاضی شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مصور علی نے چِتکارا یونیورسٹی، راجپورہ ، پنجاب کی خصوصی دعوت پر قومی سائنس ڈے پر ’اسپیس ٹائم کی ریاضی اور اسپیس ٹائم جیومیٹری میں جدید رجحانات‘ موضوع پر خطبہ پیش کیا۔ وہ مہمان خصوصی کے طورپر قومی یومِ سائنس پر منعقدہ پروگرام میں شریک ہوئے اور حاضرین سے خطاب کیا۔