اہانت ِ رسول عربی ﷺ: عالمی دباؤ کے بعد توہین رسالت کی ملزمہ نوپور شرما کو بھاجپا نے 6سال کیلئے کیا معطل

نئی دہلی ، 5 جون (ہندوستان اردو ٹائمز) اہانت رسول عربی ﷺ کی مرتکب جے پی نے نوپور شرما اور نوین جندل کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیاگیا ہے۔ اس اِرتکاب کے سبب کانپور میں تشددپھوٹ پڑا۔ ملک بھر میں اس کے خلاف ردعمل آیا،ہر سطح پر احتجاج ہوا، جس کے بعد آج بی جے پی نے طویل خاموشی کے بعد یہ قدم اٹھایا۔یاد رہے کہ ممبئی پولیس نے رضا اکیڈمی کے ممبئی ونگ کے جوائنٹ سکریٹری عرفان شیخ کی شکایت پر شرما کیخلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ شرما نے گیان واپی معاملے پر ایک نیوز ڈیبیٹ میں مبینہ طور پر پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کیے تھے۔ جب کہ شرما نے کچھ بھی توہین آمیز یا غلط کہنے سے انکار کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے اسے جان سے مارنے اور عصمت دری کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ لیکن بی جے پی کے ذرائع نے کہا کہ شرما کے بیان نے پارٹی کی قیادت کوپریشان اور مایوس کیا ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں، جو حکمرانی کے مسائل میں ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ فارمولے کی وکالت کرتے رہتے ہیں۔
دراصل اس اعلان سے قبل بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے نبی اطہر ﷺکے خلاف ریمارکس پر پیدا ہونے والے تنازعہ پر بی جے پی کی جانب سے یہ بیان جاری کیا تھا کہ بی جے پی کسی بھی مذہب کی توہین کو پسند نہیں کرتی ہے۔ پارٹی نے براہ راست نوپور شرما کا نام نہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہب یا مذہبی شخص کی توہین کی سخت مذمت کرتی ہے ۔