اہانت ِ رسولِ عربی ﷺ: سابق بی جے پی رہنما نوین جند ل کو تھانے پولیس نے کیاطلب

نئی دہلی ، 9 جون (ہندوستان اردو ٹائمز) شہنشاہِ کونین صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخانہ ٹوئٹ کی وجہ سے بی جے پی کے معطل لیڈر نوین کمار جندال کو اب مہاراشٹر کے تھانے کی بھیونڈی سٹی پولیس نے 15 جون کوپیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔ نوین کے خلاف آئی پی سی 295(A) کے تحت بھیونڈی سٹی پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔معاملہ کی تحقیقات کے لیے نوین جندل کو 15 جون کو صبح 11:30 بجے بھیونڈی سٹی پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نبی اطہر صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی شان میں گستاخانہ تبصرہ پر بی جے پی نے اتوار کو پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کو6 سال کے لیے بنیادی رکنیت سے معطل کر دی،وہیں نوین کمار جندال کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔ نوین کمار جندل دہلی بی جے پی کے میڈیا سربراہ تھے۔یہ سارا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب 27 مئی کو نوپور شرما نے ایک نجی چینل کے ڈیبیٹ میں حصہ لیا۔ ٹی وی ڈیبیٹ کے دوران نبی پاک ﷺؒ کی شان میں نوپور شرما نے توہین آمیز کلمات کہے۔ اس کے بعد نوپور کی ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہوئی۔
اسی دوران نوین کمار جندال نے یکم جون کو پیغمبر اسلام ﷺکی شان میں گستاخانہ ٹویٹ کیا تھا، تب سے وہ دُنیا بھر کے مسلمانوں کی سخت تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔اس پر وضاحت دیتے ہوئے جندل نے کہا تھا کہ یکم جون کو ہندو دیوتاؤں کے بارے میں متنازع ٹوئٹ کئے گئے تھے، میں نے اس کے جواب میں ’ٹویٹ ‘کیا تھا، لیکن اس میں (اپنے طور پر مفروضہ) حقائق لکھے، میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔
نوپور شرما اور نوین کمار جندال کے متنازعہ ریمارکس کے بعد مشرق وسطیٰ کے ممالک کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا جب کہ ہندوستان کا کہنا ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا نام نہاد دعویٰ کر رہا ہے ۔