آر جےڈی پرانے یادو لیڈروں کی گھر واپسی میں مصروف، ایک ہفتے میں دوسری پارٹی کا انضمام

پٹنہ 23مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) بہارمیں آر جے ڈی کی چھتری میں، تجربہ کار یادو لیڈروں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ سابق مرکزی وزیر شرد یادو کے بعد اب سابق مرکزی وزیر دیویندر پرساد یادوگھر واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ بدھ کو لوہیا جینتی کے موقع پر دیویندر یادو اپنے حامیوں کے ساتھ آر جے ڈی میں شامل ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ اپنی پارٹی سماج وادی جنتا دل ڈیموکریٹک کو آر جے ڈی میں ضم کر دیں گے۔ اس سے پہلے شردیادونے اپنی پارٹی لوک تانترک جنتا دل کو ضم کر لیا ہے اور اب دیویندر یادو کی باری ہے۔
بہار میں شرد یادو اور دیویندر پرساد یادو نے کبھی آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے ساتھ مل کر سیاسی اننگ شروع کی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ وہ ایک دوسرے کے مخالف بن گئے۔ ایمرجنسی کے دوران سامنے آنے والے ان تینوں لیڈروں کی اپنی سیاسی بنیاد رہی ہے۔ شرد یادو بھی لالو پرساد یادو کے خلاف لوک سبھا الیکشن لڑ چکے ہیں اور دیویندریادونے آر جے ڈی کے خلاف قسمت آزمائی ہے۔
شرد یادو اور دیویندر یادو نے ایک ہی دور میں نتیش کمار کی جے ڈی یو کے ساتھ رہتے ہوئے لالو یادو کے خلاف محاذ کھول دیاتھا۔ آر جے ڈی کو اس کا سیاسی نقصان اٹھانا پڑا، لیکن وقت نے دونوں لیڈروں کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے کہ جن کے خلاف وہ اب تک بغاوت کا جھنڈا اٹھائے ہوئے تھے، اب اسی جھنڈے کے نیچے آ رہے ہیں۔