دیوبند

انجمن محبان صحابہ منگلور کی جانب سے’’ شان خلفائے راشدین‘‘کے عنوان سے محفل منقبت منعقد کی گئی

اسلام کی تاریخ میں جو نام جلی ہیں ٭ صدیق وعمر، حضرتِ عثمان و علی ہیں

دیوبند، 6؍ نومبر (رضوان سلمانی) انجمن محبان صحابہ منگلور کی جانب سے محلہ ملان پورہ میں’’ شان خلفائے راشدین‘‘کے عنوان سے ایک محفل منقبت منعقد کی گئی جس میں پہلے خلفائے راشدین کی سیرت وفضیلت پر روشنی ڈالی گئی ،اس کے بعد شعراء کرام نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ مولانا رئیس احمد عرشی کلیری نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد آپ کے چار خلفاء حضرت ابو بکرصدیق،حضرت عمر فاروق، حضرت عثمان غنی، حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنھم کو خلفائے راشدین، خلفائے اربعہ اور چار یار کہا جاتا ہے۔امت کا اجماعی عقیدہ ہے کہ یہ حضرات سارے صحابہ میں سب سے افضل ہیں،یہ چاروں صحابہ رسول اللہ کی زندگی میں آپ کے وزیر ومشیر اور آپ کی رحلت کے بعد آپ کے خلیفہ اور جانشین ہوئے،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پر ہمیشہ اعتماد فرمایا اور ان سے اپنے خصوصی تعلق کا اظہار فرمایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل اپنے بڑوں کی تاریخ وسیرت سے واقف ہو۔ مشاعرہ میں پڑھے گئے اشعار قارئین کی پیش خدمت ہیں۔
کردار،آن،ظرف،شرافت،وقار سے ٭آراستہ ہے بزم نبی چار یار سے قمر منگلوری
ابوبکر و عمر عثماں، علی کی شان ایسی ہے ٭کہ ان کے کارناموں پر خلافت ناز کرتی ہے غلام ربانی منگلور
میں ہوں مصروف جب سے چار یاروں کی بڑائی میں ٭ اضافہ ہوگیا میری خدا سے آشنائی میں ثمر منگلوری
اسلام کی تاریخ میں جو نام جلی ہیں ٭ صدیق وعمر، حضرتِ عثمان و علی ہیں خادم منگلوری
صداقت، عدالت، سخاوت، شجاعت ٭ یہ اوصاف سب ان کے یاروں میں چمکے ڈاکٹر سہراب منگلوری
نبی ان کی صورت سے بیزار ہوں گے ٭ جسے چاروں سے الفت نہیں ہے افروز ٹانڈوی
لاؤ تو تمثیل ان روشن مناروں کی طرح ٭ کون ہے عاشق نبی کا چار یاروں کی طرح عرشی کلیری
ہم رہیں یا نہ رہیں پر عظمت اصحاب کا ٭ لہلہائے گا یہ جھنڈا پورے ہندوستان پر اسجد رانا دیوبند
اب تو بس صحابہ کی شاعری کرو ارشد ٭ ایسے ویسے شعروں سے فائدہ نہیں ملتا ارشد فاروقی منگلور
کریں کیوں نہ غلامان نبی چرچا صحابہ کا٭ نبی کے بعد ہے مخلوق میں درجہ صحابہ کا انجم افغانی منگلور
اس کے علاوہ دیگر شعراء کلیم چرتھاؤلی مونس کاظمی، ڈاکٹر سلیم فاروقی وغیرہ نے بھی اپنے کلام سے نوازا۔محفل میں معززین شہر منشی مجاہد حسین فاروقی ،ڈاکٹر محسن صدیقی ،حاجی فرحت ، حاجی التفات ، حاجی اصغر ، لطافت ٹھیکیدار وغیرہ اوربھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔صوفی عبدالسمیع منگلوری کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا اور آخر میں محفل کے کنوینر ارشد فاروقی نے جملہ حاضرین وسامعین کا شکریہ ادا کیا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button