انتہائی اشتعال انگیزتقریر کے ملزم بجرنگ منی داس کو ضمانت مل گئی

سیتا پور24اپریل(ہندوستان اردو ٹائمز) اتر پردیش کے سیتا پور کی ایک عدالت نے شری لکشمن داس اْداسی آشرم کے مہنت بجرنگ مونی داس کی ضمانت منظور کر لی ہے، جسے نفرت انگیز تقاریر کرنے اورعصمت دری کی دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ جج سنجے کمار نے مہنت کو ضمانت دی اور اتوار کی صبح اسے جیل سے رہا کر دیا گیا۔رام نریش نامی شخص کی طرف سے داس کے خلاف شکایت درج کرنے کے بعد اسے 13 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔جیل سے رہائی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہنت نے کہاہے کہ وہ اپنے مذہب اور خواتین کا دفاع کرتے رہیں گے، چاہے اس کے لیے انہیں ہزار بار جیل جانا پڑے۔اس نے کہاہے کہ میں نے جو کچھ کہا اس کا مجھے کوئی افسوس نہیں ہے اور مجھے کسی بات کا پچھتاوا نہیں ہے۔
داس نے 2 اپریل کو مسلم کمیونٹی کے لوگوں کے خلاف مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کی تھی۔ بعد ازاں تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مہنت کے بیان پر سخت تنقید کی گئی تھی اور مہنت کا معافی مانگنے کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا جب پولیس نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔