انتخابات کے بعد واضح ہو جائے گا کہ میں کانگریس صدر بنوں گا یا نہیں: راہل گاندھی

کنیا کماری ،9ستمبر ( ہندوستان اردو ٹائمز ) جمعہ کو پارٹی کی قیادت کرنے کے بارے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ انتخاب کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ میں کانگریس کا صدر رہوں گا یا نہیں، اس لیے براہ کرم تب تک انتظار کریں۔انہوں نے یہاں بھارت جوڑو یاترا کے دوران نامہ نگاروں سے کہا کہ پد یاترا یہ سمجھنے کی کوشش ہے کہ زمینی سطح پر کیا ہو رہا ہے اور ساتھ ہی یہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ذریعہ ہونے والے نقصان کو سمجھنے کی بھی کوشش ہے ۔
راہل گاندھی نے ان الزامات پر کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ یہ یاترا کانگریس کو بچانے کے لیے نکالی گئی ہے ،بی جے پی-آر ایس ایس اپنی رائے ظاہر کرنے کے لیے آزاد ہیں لیکن ہم یہ یاترا لوگوں سے جوڑنے کے لیے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ادارے اب بی جے پی کے کنٹرول میں ہیں اور ان کا استعمال اپوزیشن پر دباؤ ڈالنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا سے وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے کوئی پیغام دینے کے سوال پر راہل گاندھی نے کہا کہ میرے پاس کوئی پیغام نہیں ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ جب پارٹی کے انتخابات ہوں گے ، اگر میں کانگریس صدر کے عہدے کے لیے نہیں لڑتا ہوں تو آپ مجھ سے سوال پوچھ سکتے ہیں پھر میں جواب دوں گا کہ میں نے انتخاب کیوں نہیں لڑا۔خیال رہے کہ کانگریس نے راہل گاندھی سمیت 119 رہنماؤں کو بھارت یاتری کے طور پر نامزد کیا ہے جو کنیا کماری سے کشمیر تک پد یاترا کریں گے ۔ یہ تمام کل 3,570 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل ہی طے کریں گے۔