انتخابات ختم،مہنگائی کی مارشروع ، پٹرول-ڈیزل کے ساتھ گیس سلنڈرکے بھی اچھے دن آئے

نئی دہلی22مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) انتخابات تک پٹرول،ڈیزل اورگیس کی قیمت روک کررکھی گئی تھی،ابھی حلف برداری بھی پوری نہیں ہوئی ہے کہ مہنگائی کی مارشروع ہوگئی۔پھربھی سرکارکہتی ہے کہ قیمت ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ لیکن الیکشن تک قیمت رک جاتی ہے ۔اب نہ ہوگی مہنگائی کی مار،اب کی بارمودی سرکارکانعرہ لگانے والی بی جے پی حکومت میں مہنگائی زبردست ہے۔
ہرآدمی سخت پریشان ہے۔ دودھ ،کھانے پینے کی تمام اشیاء،سبزی،تیل کے بعد اب پٹرول، ڈیزل کے ساتھ ساتھ کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیاہے۔ عوام پہلے ہی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان تھے۔ قیمتوں میں تازہ اضافہ ان کی جیب پر مزید بھاری پڑنے والاہے۔137 دن کے وقفے کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سی) نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے۔ جس کی وجہ سے ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد، صارف کو دہلی میں ایک لیٹر پیٹرول کے لیے 96.21 روپے اور ڈیزل کے لیے 87.47 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے، کیوں کہ اتوار کو او ایم سی نے بلک ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا، جس سے تھوک قیمتیں پیٹرول پمپس پر خوردہ قیمتوں سے بہت زیادہ ہوگئیں۔ الیکشن کے اختتام اور مہنگائی کے حملے، روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باعث بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت 2008 کے بعد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی لوگوں کو مہنگا تیل خریدنا پڑے گا، انتخابی نتائج کے اعلان کے 11 دن بعد یہ خدشہ درست ثابت ہوا۔ اگرچہ، او ایم سی نے ایک ساتھ قیمت میں اضافہ نہیں کیا ہے، لیکن آنے والے دنوں میں اس میں بتدریج اضافہ ہوسکتا ہے۔
عام طور پر، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں پیٹرولیم مصنوعات کی بینچ مارک قیمتوں کی 15 دن کی رولنگ اوسط کے مطابق روزانہ تبدیل کی جاتی ہیں۔ تاہم اوایم سی نے گزشتہ سال 4 نومبر سے دونوں قیمتوں کی قیمتیں مستقل رکھی تھیں۔ مہنگے پیٹرول اور ڈیزل سے عام لوگوں کو راحت دینے کے لیے مرکزی حکومت نے الیکشن سے پہلے4 نومبر 2021 کو ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی کی تھی۔