یوپی

امیٹھی: باراتیوں سے بھری جیپ اور ٹرک میں تصادم، 6 افراد کی موت

امیٹھی،18؍اپریل (ہندوستان اردو ٹائمز) امیٹھی ضلع کے گوری گنج علاقے میں بابو گنج ساگرا آشرم کے قریب باراتیوں سے بھری جیپ اور ٹرک کے درمیان زبردست تصادم میں چھ افراد کی موت ہو گئی اور چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور امیٹھی کی ایم پی اسمرتی ایرانی نے اس حادثے میں لوگوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

 

 

پولیس سپرنٹنڈنٹ دنیش سنگھ نے بتایا کہ رائے بریلی کے نصیر آباد علاقے سے واپس آ رہی باراتیوںکی تیز رفتار جیپ 17-18 اپریل کی درمیانی شب تقریباً 12.15 بجے گوری گنج علاقے کے بابو گنج ساگرا آشرم کے قریب سامنے سے آرہے ایک ٹرک نے ٹکر ا گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں چھ افراد کی موت ہو گئی اور چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو گوری گنج کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں سے چاروں کو لکھنؤ ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا ہے۔

 

سنگھ نے کہا کہ تمام مرنے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے ، امیٹھی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کے نمائندے وجے گپتا نے کہاکہ اسمرتی ایرانی اس وقت بیرون ملک ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کی مکمل مدد اور زخمیوں کے لیے مناسب طبی انتظامات کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔

 

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرنے والوں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کا مناسب علاج کریں اور اس حادثہ سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن راحت اور مدد فراہم کریں۔ عینی شاہدین کے مطابق تصادم اتنا زوردار تھا کہ جیپ کے پرخچے اڑ گئے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button