اسکریپ سے سونا بنانے کا لالچ دے کر ٹھگی کرنے والے تین افراد گرفتار
ابھی تک یہ گینگ بہت سے لوگوں کو اپنا شکار بنا چکا ہے: ایس پی سٹی

دیوبند، 11؍ فروری (رضوان سلمانی) ایک فیکٹری کے اسکریپ سے سونا نکالنے کا لالچ دے کر لاکھوں روپے کی ٹھگی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے، پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جب کہ گینگ کا ماسٹر مائنڈ ابھی فرار ہے، اس کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ریاست اتراکھنڈ میں دبش دی ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزمان گزشتہ 2-3سال سے اس طرح کی ٹھگی کررہے تھے ۔ ایس پی سٹی ابھیمنیو مانگلک نے پولیس لائن میں واقع میٹنگ ہال میں اخبار نویسوں سے گفتگو کی ، ایس پی سٹی کے مطابق کافی وقت سے لگاتار اطلاع مل رہی تھی کہ کچھ نوجوان کاروباریوں کو جھانسہ دے کر ان کے ساتھ ٹھگی کرتے ہیں ،
پولیس نے جب تحقیق کی تو دو کاروباری سامنے آئے ، پولیس نے مقدمہ قائم کرکے تین ملزم نیرج شرما ساکن گاندھی کالونی ، تھانہ منڈی ۔ سونو عرف ممشاد، ولد ارشاد علی، ساکن نیل کھڈانہ جوالا پور ، تھانہ ہری دوار اور چندر پال ورما ولد پرکاش ورما پلوپورم، تھانہ میرٹھ کو گرفتار کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق یہ گینگ کافی وقت سے لوگوں کو اسکریپ سے سستا سونا دلانے کا جھانسہ دے کر ان کے ساتھ ٹھگی کرتے تھے ۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 13گرام سونا ، ایک نقلی سونے کا بسکٹ اور دیگر سامان برآمد کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سہارنپور میں نیرج شرما اس گینگ کو لیڈ کررہا تھا وہ کاروباریوں سے رابطہ کرتا تھا ، سونے کا سیمپل دکھاکر بتاتا تھا کہ ان کا ایک رشتہ دار اتراکھنڈ میں ایک بڑی کمپنی میں منیجر ہے ، کمپنی کے اسکریپ میں سونا اور چاندی نکلتا ہے ، اسکریپ کو گلانے سے سونے کو الگ کیا جاسکتا ہے ، جب تاجر اس کے جھانسہ میں آجاتا تھا تو اسے اتراکھنڈ میں رقم کے ساتھ بلایا جاتا تھا ، جیسے ہی وہ وہاں پر پہنچتا تھا اس سے رقم لے کر فرضی طریقہ سے ویجیلنس کا چھاپہ ماردیا جاتا تھا جس وجہ سے تاجر وہاں سے نکل جاتا تھا اور سبھی مل کر رقم آپس میں تقسیم کرلیتے تھے ۔ اس پورے گینگ کو جوالا پور کا ایک شخص چلا رہا تھا جو اپنے آپ کو کمپنی میں منیجر بتاتا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے سامنے ابھی دو ہی کیس آئے ہیں ان میں ایک تاجر کے ساتھ دو سال پہلے ٹھگی ہوئی تھی جب کہ ایک تاجر کے ساتھ 6ماہ قبل ٹھگی کی گئی تھی ، حالانکہ بتایا جارہا ہے کہ کئی اور لوگوں کو بھی انہو ں نے اپنا شکار بنایا ہے، پولیس تفتیش کررہی ہے ۔ دوسری جانب دیوبند پولیس نے بھی ہزاروں روپے کی لوٹ کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیجا ہے ۔
گائوں نگلی نور پور کے رہنے والے نکھل نے گائوں جڑودہ جٹ کے رہنے والے نوجوانوں کے خلاف نامزد تحریر دیتے ہوئے 7ہزار روپے کی نقدی اور موبائل لوٹنے سمیت مارپیٹ کا الزام لگاتے ہوئے دیوبند تھانہ میں تحریر دی تھی ۔ پولیس نے معاملہ کی تفتیش کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ اس سلسلہ میں تھانہ انچارج نے بتایا کہ گائوں نگلی نور کے رہنے والے نکھل نے دیوبند تھانہ میں لوٹ پاٹ کی تحریر دی تھی جس میں 8افراد کو نامزد کیا گیا تھا ۔ انہوںنے بتایا کہ گزشتہ کل گووند، انکور، ابھیشیک، وکاس اور سونو کو گرفتار کرلیا ہے ، جب کہ تین ملزمان ابھی فرار ہیں ، جن کی گرفتاری کے لئے ٹیم لگی ہوئی ہے انہیں بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔