دیوبند

اسلامیہ کالج آف لاء اور دیگر اداروں میں یوم آئین کے موقع پر پروگراموں کا انعقاد

آئین کسی بھی ملک کے ذریعہ وہاں کے عوام اور ملک کی ترقی کے لئے تیار کیاجاتا ہے: زینت پروین

دیوبند، 25؍ نومبر (رضوان سلمانی) اسلامیہ کالج آف لاء دیوبند میں ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم آئین کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوگوں کو آئین کے تئیں بیدارکرنا ہے اور ان کے حقوق اور ان کے فرض کے تئیں بیدار کرنا بھی تھا۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل سول جج زینت پروین، سول بار ایسوسی ایشن کے صدر سمے سنگھ پنڈیر ، جنرل سکریٹری امت کمار پنڈیر اور سینئر نائب صدر دشینت تیاگی، امتنان صدیقی وغیرہ نے شرکت کی۔ اس دوران ادارہ کے چیئرمین ڈاکٹر عظیم الحق نے مہمانوں کا استقبال کیا، اس موقع پر ایڈیشنل سول جج ،جونیئر ڈویژن زینت پروین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کسی بھی ملک کے ذریعہ وہاں کے عوام اور ملک کی ترقی کے لئے تیار کیاجاتا ہے جو کہ عوام کے مفاد کی حفاظت اور ملک کے امن اور بھائی چارے کو قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئین ہند کو مجلس دستور ساز 26نومبر 1949کو تسلیم کیا تھا اور 26جنوری 1950کو نافذ کیا گیا تھا۔ انہوں نے پروگرام میں موجود طلبہ وطالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں اور وہ پی سی ایس جے میں جانے کے لئے محنت کریں، کیوں کہ آپ لوگ ملک کا مستقبل ہیں، انہوں نے طلبہ وطالبات کو کچھ اہم ٹپس دیئے ۔ کالج کے چیئرمین ڈاکٹر عظیم الحق نے کہا کہ ہمارے ملک کا آئین بہت خوبصورت ہے اس میں سبھی کو برابر کے حقوق دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنا ہوگا تاکہ کوئی کسی کے ساتھ ناانصافی نہ کرسکیں۔ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے اور اس میں بسنے والے سبھی افراد کو برابر کے حقوق دیئے گئے ہیں ۔ اس دوران طلبہ وطالبات نے سوال وجواب کے پروگرام میں حصہ لیا جس میں صحیح جواب دینے والے طلبہ وطالبات کو اعزاز سے نوازا گیا ،طلبہ وطالبات نے پلے کے ذریعہ سے سوشل نیٹ ورکنگ کا بھی صحیح استعمال کرنا سکھایا۔ جب کہ طلبہ وطالبات نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔ اسی کے ساتھ ساتھ طلبہ وطالبات نے آئین میں دیئے گئے حقوق کی اہمیت کووڈ مہاماری اور ڈزٹ لائزیشن وغیرہ اہم مضامین پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کپل رائے، گورو، مسکان، صبا، ڈاکٹر راہل دیو تیاگی، محمد ندیم، ارون یادو، صبیحہ خان، شگفتہ عباسی، عارف انصاری، نیتو رانی، سنیل کمار وغیرہ موجود رہے۔ آخر میں شعبہ کی صدر ڈاکٹر بشریٰ شفیق نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب تھانہ دیوبند میں بھی یوم آئین کے موقع پر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سی او رام کرن سینی نے آئین پڑھتے ہوئے پولیس اہلکارو ں کو آئین کا حلف دلایا ۔ اس موقع پر تھانہ انچارج ایچ این سنگھ نے کہا کہ ہم سب کو آئین پر عمل کرنا چاہئے اور ساتھ ہی عام لوگو ںکو آئین کے اصولوں سے آگاہ کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ سول کورٹ احاطہ میں واقع سول بار ایسوسی ایشن میٹنگ ہال میں یوم آئین دھوم دھام سے منایا گیا ۔ اس موقع پر سریندر کمار ایڈوکیٹ، ٹھاکر سریندر پال ایڈوکیٹ، نسیم انصاری ایڈوکیٹ ، عبدالہادی خاں ایڈوکیٹ، رام کشن سینی ایڈوکیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سبھی سے آئین کے اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button