
” آئے نہ خزاں جیون میں کبھی جا تجھ کو سدا بَہار مِلے”
الاؤٹمنٹ رہتے ہوئے اب اساتذہ کی تنخواہ کی ادائیگی میں دیر نہیں ہوگی ،نوادہ ڈی ای او کی یقین دہانی: مہجورُالقَادری
بہاراسٹیٹ اُردوٹیچرس ایسوسی ایشن ضلع نوادہ کے زیر اہتمام استقبالیہ اور الوداعیہ تقریب میں نئے ڈی ای او کو شال،مومنٹو اور پھولوں کی ہار سے استقبال کیا گیا جب کہ ڈی پی او ڈاکٹر محمد جمال مصطفیٰ صاحب کومومنٹو،شال اور گلدستہ و ہار سے الوداعیہ دیا گیا۔
نوادہ (محمد سلطان اختر) گذشتہ روز شہر کے عراقی اُردو گرلس انٹر اسکول انصارنگر نوادہ میں بہاراسٹیٹ اُردوٹیچرس ایسوسی ایشن ضلع نوادہ کی طرف سے ایسوسی ایشن کے ضلع صدر مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری کی صدارت میں نوادہ کے نئے ڈی ای او جناب ویریندرکُمارصاحب کے لئے استقبالیہ اور نوادہ سے ٹرانسفر ہوکر بیگو سرائے جانے والے ہردل عزیز ضلع پروگرام آفیسر جناب ڈاکٹر محمد جمال مصطفیٰ کے لئے الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا اس کے بعد نعت رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی جس میں ضلع کے مختلف بلاکوں سے مسلم اساتذہ نے کافی تعداد میں شرکت کی نظامت کے فرائض ماسٹر محمد ضیاء الدین جنرل سیکریٹری عراقی اُردو گرلس انٹر اسکول نے انجام دیا بسوٹا کے ضلع سیکریٹری جناب علی امام اپنے رفقاء کے ساتھ باہر سے آنے والے سامعین کے لئے فرش راہ بنے رہے ۔ نوادہ ڈی پی او جناب ڈاکٹر محمد جمال مصطفیٰ صاحب کو الوداعیہ دیتے ہوئے اساتذۂ کرام نے ان کے توسط سے تعلیمی میدان اور کورونا وائرس کے دور میں جو نمایاں کام کئے گئے ان کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری نے اپنے خطاب میں نئے ڈی ای او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نوادہ میں قدم رکھتے ہی اساتذہ کی تنخواہ جو تین مہینے سے باقی چلی آرہی تھی اس مسئلے کو فوری طور پرحل کیا اور یک مشت تین ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کر کے نیوجت ٹیچروں کو مسکرانے کا موقع فراہم کیا مہجورُالقَادری نے آگے کہا کہ ہمارے درمیان سے جانے والی عظیم شخصیت جناب ڈاکٹر محمد جمال مصطفیٰ صاحب جنہوں نے تعلیمی میدان میں ایک انقلاب لایا ان کے جانےسے بلاتفریق مذہب و ملت ہر ٹیچر مغموم اور اداس نظر آرہا ہے ایسے افسر برسوں بعد ہی کہیں آتے ہیں مولانا نے ان کی خدمت میں یہ شعر بھی نذر کیا
آنکھ سے دور سہی دل سے کہاں جائے گا
جانے والے تو ہمیں یاد بہت آئے گا
نئے ضلع ایجوکیشن آفیسر نوادہ کی آمد پر اور جناب ڈاکٹر محمد جمال مصطفیٰ کے جانے پر عراقی اردو گرلس انٹر اسکول انصارنگر کے صدر نے ایک طرف خوشی تو دوسری طرف غم کا اظہار کیا اور کہا نوادہ کو ایسے ہی محنتی اور ایماندار افسر کی ضرورت ہے انہوں نے نئے ڈی ای او سے امید جتائی کہ اردو زبان کی ترقی وترویج میں ان کا اہم رول ہوگا نیز مولانا مہجورُالقَادری نے جناب محمد جمال مصطفیٰ صاحب کی خدمت میں یہ شعر نذر کرکے الوداع کیا۔
آئے نہ خزاں جیون میں کبھی جا تجھ کو سدا بَہار مِلے
نوادہ کی کبھی نہ یاد آئے اتنا بیگو سرائے میں پیار مِلے
اس تقریب میں جن اساتذہ نے خطاب کیا ان میں علی امام ضلع سیکریٹری، محمد شفیق الدین سردلا،اخلاق گوہر نرہٹ،محمد شمس الدین،جمشید مہدی، ابوسعید،شوکت علی انجم، قاری مجاہد الاسلام،مولانا نذرالباری ،اخترحسین، اطہر اقبال،آلوک کمار چنچل،ابھے کمار،سید نہال صابری،مفتی عنایت اللہ قاسمی،شاہداقبال کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ آخر میں نوادہ کے ضلع ایجوکیشن آفیسر جناب ویریندرکُمارصاحب نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور وقت پر اسکول جایا کریں اور بلاوجہ آفس کا چکر نہیں لگائیں آگے انہوں نے یقین دلایا کہ الاؤٹمنٹ رہتے ہوئے آپ لوگوں کی تنخواہ نہیں رکے گی پھر صدر محترم کے تشکرانہ کلمات کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔