اردو مخالف ذہنیت کے حامل افسران پر حکومت لگام لگائے: مہجور القادری
پرائمری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر پٹنہ کے جاری کردہ 2023 کے تعطیل نامہ سے پوری ریاست کے اردو داں حلقے میں ناراضگی۔

نوادَہ (محمد سُلطان اختر ) مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری نے اپنے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ برسوں سے سرکاری ابتدائی اسکولوں کے درجہ ایک سے آٹھ تک کے لئے تعطیل نامہ ضلع سطح پرہی ضلع تعلیمی دفتر سے شائع ہُواکرتاتھا جس میں ہندی اور اردو اسکولوں کے الگ الگ کالم ہوا کرتے تھے مگر اس بار بہار حکومت کے پرائمری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جناب روی پرکاش کے ذریعہ 23 دسمبر ( مکتوب نمبر 1996) جاری کیاگیا 2023 کے تعطیل نامہ سے پورے بہار کے اردوداں طبقہ اور اردوزبان کے اسکولوں کے لئے ایک بے چینی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے ڈائریکٹر کے ذریعہ جاری کیا گیا تعطیل نامہ میں اردو اسکولوں کا کالم ہی ختم کردیا گیا۔
ساتھ ہی جو ہفتہ واری چھٹی جمعہ کورہاکرتی تھی اسے بھی ناپید کردیا گیا جب کہ بہار میں اردو زبان کو ثانوی درجہ حاصل ہے اور حکومت بہار کی جانب سے ہرسال بہار کے تمام ضلعوں میں فروغ اردو کے نام سے سیمینار و مشاعرہ اور مسابقاتی پروگرام کا انعقاد ہوا کرتا ہے اور ہر مڈل اسکول میں ایک اردو ٹیچر کی تقرری کا اعلان بھی بارہا کیا گیا، سرکاری اسکولوں میں ،سرکاری افسران کے نام پلیٹ،تھانہ وغیرہ کانام بھی ہندی کے ساتھ اردو میں بھی لکھنے کی ہدایت جاری کی گئی اردو مترجمین کی بحالیاں بھی ہورہی ہیں اور سرکاری دفاتر میں اردو زبان میں درخواست دینے کی رغبت و تاکید کی جارہی ہے وہیں دوسری طرف تعطیل نامہ سے اردو اسکولوں کا کالم ہی ختم کردیا گیا اس سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ اعلیٰ مناصب پر ایسے متعصب افسران بیٹھے ہیں جنہیں اردو کی ترقی اور فروغ ایک نظر بھی نہیں بھاتی ان ہی متعصب افسران کی بھینٹ آج اردو چڑھ رہی ہے ایسے میں پوری ریاست کے مسلمانوں کو اور اردو کے نام پر بنی بڑی چھوٹی تنظیموں کو پوری طاقت و قوت کےساتھ اس سازش کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے اور پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹر کے تعطیل نامہ کو ہر حال میں منسوخ کرانے کی ہرممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے اس لئے کہ نوادہ ،بھاگل پور ضلعے میں بھی ضلع تعلیمی دفتر سے ہوبہو وہی تعطیل نامہ جاری کردیا گیا جو پرائمری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر نے جاری کیا تھا درحقیقت اردوکے شمنوں کو ڈائریکٹر کا تعطیل نامہ کی آڑ میں اردو کو نیچا دکھانے کا ایک اچھا موقع مل گیا اسی سلسلے میں مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری صدر بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن ضلع نوادہ کی قیادت میں بسوٹا تنظیم کے جنرل سیکریٹری علی امام اور نوادہ کے بلاکوں کے اردو اساتذہ نوادہ ڈی ای او آفس گئے اورڈی ای او صاحب سے دریافت کیاگیا کہ اس ضلع میں اردو اسکول ہے یا نہیں؟ اگر ہے تو پھر اس بار کے تعطیل نامہ میں اردو اسکول کا کالم کیوں نہیں ہے؟ جب کہ ڈی ای او صاحب کو پٹنہ ضلع اور بیتیا ضلع کا تعطیل نامہ دکھایا گیا جس میں بدستور سابق اردو اور ہندی اسکولوں کے الگ الگ کالم ہیں مگر ڈائریکٹر کا ہی تعطیل نامہ کو بنیاد بنایا جارہا ہے ۔اتنے شو اہد کے باوجود بات نہیں بن پائی جس سے ضلع کے اردواساتذہ میں کافی غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔
مولانا نے آگے کہا کہ پرائمری ایجوکیشن کے ڈائریکٹر نے جو تعطیل نامہ جاری کیا اس میں اس کی بھی وضاحت کردیتے کہ اردو اسکولوں میں بھی اب اتوار کو ہی تعطیل رہاکرے گی اور جمعہ کی تعطیل ختم کی جاتی ہے تو آج یہ افراتفری کا ماحول نہ ہوتا لہذا جتنی جلدی ہو اودو میڈیم اسکولوں کے لئے الگ سے فہرست تعطیلات نکالا جائے۔