دیوبند

اردو بیداری فورم مظفر نگر کی جانب سے آن لائن سیمینار کا انعقاد

دیوبند، 22؍ فروری (رضوان سلمانی) عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر اردو بیداری فورم مظفر نگر کی جانب سے ایک آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شعراء ادباء اور اردو کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔سیمینار کی صدارت اردو ٹیچرس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صوبائی صدر رئیس الدین رانا نے کی جب کہ نظامت کے فرائض ماسٹر اوصاف نے انجام دیے۔قاری حذیفہ کی تلاوت قرآن و ڈاکٹر طاہر قمر میرانپوری کی نعت پاک سے بابرکت آغاز ہونے والے اس سیمینار میں فورم کے کنوینر ماسٹر شہزاد احمد نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے اردو بیداری فورم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔اور کہا کہ اردو زبان کے فروغ میں ہمیں اپنا اہم کردار نبھانا ہوگا اور اردو کو ہر حال میں آگے رکھنا ہوگا۔

ڈاکٹر طاہر قمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اردو حکومت کی جانب سے سوتیلے رویہ کی شکار ہے۔جہاں ایک طرف اردو کی زبوں حالی کے لئے حکومت ذمہ دار ہے وہیں اردو داں طبقے نے بھی اردو کے ساتھ وہ سلوک نہیں کیا جس کی وہ حق دار تھی۔انھوں نے کہا کہ جس زبان کو ختم کرنا ہو اس کے رسم الخط کو فراموش کر دو زبان اپنے آپ ہی ختم ہو جاتی ہے۔اردو داں طبقہ اردو رسم الخط سے چشم پوشی اختیار کرتا ہے اور دیگر زبانوں کے رسم الخط کو بڑی شان سے استعمال کر رہا ہے جو تشویش کا باعث ہے۔

انھوں نے اردو رسم الخط کا استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اپنی مادری زبان کی حفاظت،بقا،فروغ و ترقی کے لئے اردو کو ایک تحریکی شکل دیں تبھی ہم اپنی زبان کی حفاظت کر سکتے ہیں۔کلیم تیاگی نے عوام الناس اردو کی صحت الفاظی کو درست کرنے پر زور دیا اور گھروں میں بچوں کو اردو کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔ قاری شاہد ارمان نے سوشل میڈیا پر اردو کے استعمال پر زور دیا تاکہ ہماری زبان کی شناخت قائم رہ سکے۔صدارت کر رہے رئیس الدین رانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو اساتذہ پوری ایمانداری کے ساتھ اسکولوں میں اردو کی طرف بھر پور توجہ دیں۔اور اردو کو ایک عوامی زبان بنانے کی کوششوں میں مصروف ہو جائیں۔آخر میں قاری شاہد ارمان کی دعا پر سیمینار اختتام کو پہنچا۔آن لائن سیمینار سے سیکڑوں لوگوں نے استفادہ کیا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button