اردو اسکولوں میں جمعہ کی چھٹی بہار ایجوکیشن کوڈ کے مطابق ہے: مولانا ڈاکٹر ابوالکلا م قاسمی شمسی

اردو اور سنسکرت اسکول کو ہمیشہ مخصوص زمرے میں رکھا گیا ہے، اسی وجہ سے چھٹی کے معاملہ میں بھی عام تعلیمی اداروں سے اس کی چھٹیاں مختلف ہیں، اسی اعتبار سے اردو اور سنسکرت اسکولوں میں اتوار کو چھٹی نہیں ہوتی ہے، جبکہ دوسرے تعلیمی اداروں میں اتوار کو چھٹی ہوتی ہے، یہ بہار ایجوکیشن کوڈ میں درج ضابطہ کے مطابق ہے، اس لئے اس پر کسی طرح کابھی کوئی اعتراض غیرمناسب ہے، کیونکہ یہ بہار ایجوکیشن کوڈ کے مطابق ہے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی نے پریس ریلیز میں کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہار ایجوکیشن کوڈ میں درج ہے کہ اردو اسکولوں میں ہفتہ وار چھٹی جمعہ کو ہوگی، جبکہ سنسکرت اسکولوں میں یہ چھٹی ہندی مہینہ کے ۱؍۸؍۱۶؍ اور ۲۳؍ کو ہوگی، اسی طرح سنسکرت یونیورسٹی میں بھی اتوار کے بجائے دوسرے دن چھٹی دی جاتی ہے۔ اردو اسکولوں میں جمعہ کے دن کی چھٹی بہار ایجوکیشن کوڈ کے مطابق ہے اور قانونی طور پر درست ہے۔ اس پر کسی طرح کا اعتراض یا تنازع کھڑا کرنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہرطبقہ کے حقوق کی محافظ ہوتی ہے، حکومت بہار نے اس سلسلہ میں اہم رول ادا کیا ہے۔جمعہ کی چھٹی پر تنازع کے سلسلے میں پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین اور محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر نے بھی اس تنازع کو غیرمناسب قرار دیا ہے۔مولاناقاسمی نے مزید کہا کہ ادھر چند برسوں سے نفرت کی فضا قائم کرکے کچھ لیڈران سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں،ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بہار کا یہ اقدام قابل ستائش ہے کہ بروقت اس تنازع پر اپنا موقف واضح کیا۔اس طرح ایک فتنہ کے دروازے کو بند کردیا۔ البتہ اس کی ضرورت ہے کہ محکمۂ تعلیم اس کی وضاحت کرتے ہوئے سرکلر جاری کرے اور اس غلط فہمی کا ازالہ کرے ،تاکہ غیرضروری تنازع کا سدباب ہوسکے۔