دیوبند

احتجاج کے دوران گرفتار کئے گئے مرزا پور کے 11نوجوانوں کو جیل سے ملی رہائی

دیوبند، 28؍ جون (رضوان سلمانی) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کو لے کر بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کے مطالبے کو لے کر گزشتہ 15روز قبل کئے گئے احتجاج کے دوران مرزا پور سے گرفتار کئے گئے 11نوجوانوں کو آج رہائی مل گئی۔ تفصیل کے مطابق مسلم وکلاء کے ایک پینل کی جدو جہد اور کوششوں کے نتیجے میں سہارنپور کی عدالت سے مرزاپور کے جن گیارہ نوجوانوں کی ضمانت منظور کرلی گئی تھی، ان سبھی کو آج الحمدللہ ضلع جیل سے رہائی نصیب ہوگئی۔ واضح رہے کہ یہ رہائی گزشتہ سنیچر کو عمل میں آنی تھی،

لیکن اعلیٰ عدالتی حکام کے دستخط نہ ہونے کے باعث رہائی مؤخر کردی گئی تھی لیکن آج پوری کاروائی مکمل ہونے کے بعد وہ تمام افراد (مقیم، انوار، مدثر،دانش، مرسلین، مختار،وارث،انصار، نعیم، شوقین اور افضال) صبح 7 بجے رہا ہوگئے۔ ضلع جیل پر موجود ملزمان کے اہل خانہ و رشتے دار نوجوانوں سے مل کر بے حد خوش نظر آئے اور ان تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان نوجوانوں کی رہائی کے لئے اپنا تعاون اور کوششیں صرف کیں۔

رہائی کے وقت علاقہ بہٹ،رائے پور سے ذمہ دار موجود رہے جن میں بالخصوص ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپور مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی، راؤ عاطف اور پردھان عبدالقادر رائے پور سے موجود رہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے بتایا کہ مسلم نوجوانوں کی قانونی مدد کرنے کے سلسلے میں قانونی چارہ جوئی کے لئے تمام کوششیں جاری ہیں۔تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور بہت جلد جیل میں قید افراد کو بھی باعزت رہائی نصیب ہوگی۔ کیس کی پیروی کررہے بابر وسیم ایڈووکیٹ نے بتایا کہ گزشتہ کل ہی یہ گیارہ افراد جیل سے رہا ہوجاتے لیکن عدالت میں ہائی کورٹ کے ججوں کی میٹنگ ہونے کے سبب رہائی کا پروانہ تاخیر سے پہنچا جس کی وجہ سے رہائی نہ ہوسکی۔

آل انڈیا مائنارٹیز ایڈووکیٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد علی ایڈووکیٹ نے بتایا اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہم لوگوں کی محنت کامیاب ہورہی ہے اور اسی طرح وکلاء کا پینل دیگر علاقوں کے گرفتار شدگان کی رہائی کے لئے قابل قدر کوششیں و جہد جہد جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی کے نتیجے میں ان شاء اللہ دیگر افراد بھی رہا ہوں گے۔ پیروی کررہے وکلاء میں،اشرف خاں ایڈووکیٹ، فیصل اقبال ایڈوکیٹ، محمد سلیم خاں ایڈوکیٹ، شعیب ایڈوکیٹ، عدنان شاہد ایڈوکیٹ، آصف انصاری ایڈوکیٹ، شاہ عالم ایڈوکیٹ، یوسف جمال ایڈوکیٹ، شاہ نواز ایڈوکیٹ، اور فرمان ایڈوکیٹ وغیرہ شامل ہیں۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button