
دیوبند، 24؍ دسمبر (رضوان سلمانی) راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی کانگریس کی بھارت جوڑ و یاترا 3جنوری کو یوپی میں داخل ہوگی ،یاترا بھلے ہی ریاست اترپردیش کے صرف تین اضلاع سے گزرے گی لیکن اس کا پیغام پوری یوپی میں دینے کی تیاری کی گئی ہے۔ اس یاترا میں شامل ہونے کے لئے سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو ،بہوجن سماج پارٹی کی رہنما مایاوتی ، سوبھاسپا کے رہنما اوپی راج بھر سمیت غیر بی جے پی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے ، سماج وادی پارٹی کی اتحادی جماعت راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر جینت چودھری کا یاترا میں شامل ہونا طے مانا جارہا ہے ،گزشتہ کل ہی انہو ںنے کانگریس لیڈران راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ کے ساتھ بھرت پور میں ریلی کرکے بی جے پی سے کھتولی اسمبلی سیٹ چھیننے کا پیغام دورتک پہنچانے کی کوشش کی ہے ۔
اترپردیش میں راہل گاندھی کی یاترا تین اضلاع میں چار روز تک چلنے کے دوران 110کلو میٹر کی دوری طے کرے گی ۔ غازی آباد کے لونی بارڈر سے یہ یاترا یوپی میں داخل ہوگی ، اس کے بعد 4جنوری کو باغپت ،5جنوری کو شاملی اور 6جنوری کو کیرانہ سے ہوتے ہوئے ہریانہ کے سونی پت ضلع میں داخل ہوجائے گی ۔ مغربی اترپردیش کے یہ تینوں اضلاع ذاتئے گولا بندی اور الگ الگ وجوہات کی وجہ سے سرخیوں میں بھی رہے ہیں ۔ کانگریس کے پارٹی لیڈر انل یادو کے مطابق کے پسماندہ طبقہ کے جتنے بھی لیڈر ہیں انہیں یاترامیں شامل کرنے کے لئے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں ۔ راج بھر ، پال کشواہا، نائی ، بنجارہ، کرمی ،ملاح، کشیپ، سینی، چوہان سمیت پسماندہ طبقے کے لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ پہلی لائن میں چلیں گے ۔ راہل گاندھی پسماندہ طبقے کے لیڈران سے اپنے مسائل پر بات کریں گے ۔ دلت اور آدی واسی طبقے کے لوگ بھی راہل کے ساتھ پدیاترا کریں گے ۔
یوپی میں راہل گاندھی کی یاترا میں ان کی بہن اور کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی پدیاترا میں نظر آئیںگی ۔ پرینکا گاندھی یوپی کانگریس کی انچارج بھی ہیں ،پرینکا راہل کے ساتھ 4روزتک یاترا کریں گی ۔پرینکا گاندھی اس سے قبل مدھیہ پردیش اورراجستھان میں راہل گاندھی کے ساتھ پدیاترا کرچکی ہیں ،اب وہ یوپی میں سیاسی ماحول بنانے کی کوشش کریںگی ۔
اترپردیش میں راہل گاندھی کی یاترا کو لے کر ریاستی کانگریس کارکنان نے بڑی تیاریاںکی ہیں ۔ قومی لیڈران لکھنؤ میں جمع ہوگئے ہیں ،سلمان خورشید نے یاتراکی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر برج لال کھابری کے علاوہ نسیم الدین صدیقی، اجے رائے سمیت سبھی بڑے لیڈران اپنے اپنے علاقوں میں یاتر ا کو کامیاب بنانے کے لئے مہم چلا رہے ہیں ۔ راہل گاندھی کی یاترا میں شامل ہونے کے لئے خواہش مند افراد سے آن لائن درخواستیں لی جارہی ہیں ،
ان سے معلوم کیاجارہا ہے کہ وہ والینٹر کی طرح اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں یاپھر یاتراکی طرح ۔ اس کے علاوہ یاترا میںشامل ہونے کے لئے ریاستی کانگریس کمیٹی نے ایک موبائل نمبر بھی جاری کیا ہے جس پر رابطہ کرکے خواہش مند افراد بھارت جوڑو یاترا کا حصہ بن سکتے ہیں ۔