آیۃ الکرسی کی فضیلت : مفتی محمد مقبول قاسمی

محترم قارئین؛
جس آیت کے بارے میں چند حدیثیں پیش کرنے جا رہا ہوں وہ نہایت ہی عظیم ہے؛ حدیث سے پتا چلتا ہے کہ اگر ہم اس چھوٹی سی آیت کو یاد کر لیں اور حدیث کے فرمان کے مطابق اس کو پڑھا کریں تو یقیناً بہت سے مشکلات سے ہم بچ سکتے ہیں اور ہر طرح کی شیطانی شرورو فتن سے بھی ہماری حفاظت ہو جائے گی؛ انشاءاللہ؛ بس یہ کہ ہمیں عمل کرنا چاہیے اور عمل کرنے کے لیے کوئی بہت بڑا وقت درکار نہیں ہے؛ کہ ہمیں الگ سے وقت نکلنا پڑیگا؛ بلکہ بہت ہی آسانی سے عمل کر سکتے ہیں. بس تھوڑی سی توجہ کی ضرورت ہے؛
ترجمۃ الحدیث)
حضرت أبی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا؛ اے ابومنذر
کیا تو جانتا ہے کہ کتاب اللہ کی کونسی سب سے عظیم آیت تیرے پاس ہے ؟میں نے جوب دیا ؛ اللہ تعالی اور اسکے رسول زیادہ جانتے ہیں ؛آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا؛ اے ابو منذر ؛کیا تو جانتا ہے کہ کتاب الہی کی کو نسی سب سے عظیم آیت تیرے پاس ہے ؟حضرت ابی بن کعب کہتے ہیں کہ میں نے جواب دیا :اللہ لاالہ الا ھو الحی القیوم؛
(یعنی آیت الکرسی)
پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (اپنے دست مبارک سے)
میرے سینے پر مارا اور فرمایا؛ ابومنذر تجھے علم مبارک ہو۔
(صحيح مسلم)
( سنن ابي داود)
*تشریح*
اس حدیث میں جس آیت کا ذکر اور اسے قرآن مجید کی سب سے عظیم آیت کہا گیا ہے وہ سورة البقرة کی آیت نمر (٢٥٥) ہے، جسے حدیث میں آیة الکرسی کہا گیا ہے ؛ کیو نکہ اسکے آخر میں اللہ تعالی کی کرسی کا ذکر ہے؛
اس آیت کی بڑی فضیلت وارد ہے جیسا کہ اس حدیث میں اسے قرآن مجید کی سب سے عظیم آیت کہا گیا ہے اسی طرح حدیثوں میں اس کی اور بھی کئی فضیلتیں وارد ہیں جیسے؛
اس آیت میں اللہ تعالی کا اسم اعظم ہے
( ابو داودبروایت اسماء بنت یزید)
اور اسم اعظم کی خصوصیت یہ ہے کہ جب اس کی ذریعہ اللہ سے دعا کی جا ئے تو اللہ تعالی قبول فرماتا ہے۔
یہ آیت اگر سونے سے قبل پڑھ لی جائے تو پڑھنے والا رات بھر شیطان کے شر سے محفوظ رہتا ہے ۔
(صحیح بخاری بروایت ابو ھریرة)
جس گھر میں یہ آیت پڑھی جا تی ہے اس گھر سے شیطان بھاگ جاتا ہے ۔
(احمد وترمذی بروا یت ابی بن کعب)
جو شخص ہر فرض نماز کے بعد اس آیت کو پڑھتا ہے اسکے اور جنت میں داخلہ کے درمیان صرف موت حائل ہوتی ہے ۔
(صحیح ابن حبان بروایت ابو امامة)
جو شخص صبح کو اس آیت کو پڑھ لیگا تو شام تک شیطان کے شر سے محفوظ رہے گا اور اگر شام کو پڑھ لیگا توصبح تک شیطان کے شر سے محفوظ رہے گا ، چنانچہ حضرت ابی بن کعب بیان کرتے ہیں کہ میرا کھجوروں کا ایک کھلیا ن تھا؛ میں دیکھتا تھا کہ روزانہ اسمیں سے کچھ کھجورکم ہو جاتی ہے ،چنانچہ ایک رات میں اسکی نگرانی کر نے لگا، دیکھتا ہو ں کہ ایک شخص نوجوان لڑکے کی شکل میں ظاہر ہوا، میں نے اس سے سلام کیا؛اس نے سلام کا جواب دیا؛ میں نے پوچھا :تو انسان ہے کہ جن ؟ اس نے جواب دیا کہ میں جن ہوں ؛ میں نے کہا؛ اپنا ہاتھ دکھلاؤ اس نے اپنا ہاتھ دکھلایا،کیا دیکھتا ہوں کہ اسکا ہاتھ کتے کے ہاتھ جیسا ہے اور اس پر کتے جیسے بال ہیں؛میں نے سوال کیا کہ کیا جنوں کی خلقت ایسی ہی ہے ؟
(اس نے ہاں کہہ کر جواب دیا اور) کہا کہ تمام جن جانتے ہیں کہ ان میں مجھ سے طاقتور اور کوئی شخص نہیں ہے (لیکن تمہارے سامنے میں مجبور ہوں)
حضرت ابی بن کعب نے کہا کہ تو یہاں کیا کرنے آیا ہے ؟اس نے جواب دیا کہ مجھے معلوم ہو ا کہ تم صدقہ وخیرات پسند کرتے ہو تو میں نے چاہا کہ میں بھی اس سے محروم نہ رہوں ، حضرت ابی بن کعب کہتے ہیں کہ میں نے کہا : وہ کیا چیز ہے جو تم لوگوں سے ہمیں محفوظ رکھے ؟اس نے کہا کہ کیا تم آیۃ الکرسی (اللہ لاالہ الاھو) پڑھتے ہو ؟ (یعنی کیا تمھیں یہ آیت یاد ہے)
حضرت ابی بن کعب نے جواب دیا ؛ جی ضرور یاد ہے، اس جن نے کہا کہ اس آیت کو اگر صبح پڑھ لو گے تو شام تک ہم سے محفوظ رہو گے اور جب شام کو پڑھ لو گے تو صبح تک ہمارے شر سے محفوظ رہوگے؛ حضرت ابی بن کعب نے کہا کہ صبح کو میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور سا را قصہ سنا دیا ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا ؟ صدق الخبیث”خبیث نے سچ کہا ہے” ۔
(صحیح ابن حبان)
*مفتی محمد مقبول قاسمی*