آسام کی حد بندی: صوبہ میں 35 کے بجائے 31 اضلاع ہوں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا،عوام تعاون کریں گے

گوہاٹی، 31دسمبر (ہندوستان اردو ٹائمز) ہفتہ (31 دسمبر) کو آسام کابینہ کی میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن (EC) کی اسمبلی اور پارلیمانی نشستوں کی حد بندی شروع کرنے کی آخری تاریخ سے ایک دن پہلے چار اضلاع کو موجودہ اضلاع میں ضم کر دیا گیا ۔ اس کے ساتھ ہی 14 مقامات پر سرحدیں دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
آسام کابینہ کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کے مطابق، بسوناتھ ضلع کو سونیت پور، ہوجائی کو نوگاؤں کے ساتھ، بجالی کو بارپیٹا اور تمول پور کو بکسا کے ساتھ ضم کردیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ ہو گیا ہے اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ریاست میں اضلاع کی تعداد اب 35 سے کم ہو کر 31 ہو جائے گی۔
اس موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ انہیں یہ فیصلہ نہ چاہتے ہوئے بھی لینا پڑا۔ انہوں نے دہلی میں نامہ نگاروں سے کہا کہ بعض اوقات ہمیں ریاست کی انتظامی ضروریات، بہتری اور ترقی کے لیے نہ چاہتے ہوئے بھی ایسے فیصلے لینے پڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک عبوری مرحلہ ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے یقین دلایا کہ حد بندی کی مشق ختم ہونے کے بعد ہم چاروں اضلاع کا دوبارہ’احیاء‘ کریں گے۔ اس دوران چاروں اضلاع میں عدالتی، پولیس اور انتظامی دفاتر معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ عوام اس کو سمجھیں گے اور ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔