آج امت کا ایک بڑا طبقہ ارتداد کا شکار ہو چکا ہے اصلاح معاشرہ کے پروگرام عام کریں : قاری ذاکر حسین

دیوبند، 3؍ جنوری (رضوان سلمانی) جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر کے زیرِ اہتمام پورے ضلع میں علاقائی میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت آج مدرسہ تعلیم القرآن جامعہ نگر میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام کا آغاز قاری عبدالماجد کی تلاوت قرآن پاک اورقاری محمد بلال کی نعت پاک سے ہوا ۔میٹنگ میں کثیر تعداد میں علماء و ائمہء مساجد نے شرکت کی۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر کے ناظم اعلیٰ قاری ذاکر حسین نے جمعیۃ علماء ہند کے تعمیری پروگرام بالخصوص قیام مکاتب و اصلاح معاشرہ پر زوردیا۔ موصوف نے اپنے خطاب میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ آج امت کا ایک بڑا طبقہ ارتداد کا شکار ہو چکا ہے، نوجوان کثیر تعداد میں نشہ کے عادی ہوگئے، لڑکیاں بے پردگی اور مخلوط تعلیم کی وجہ سے بے حیائی و فحاشی میں مبتلا ہیں۔ اگر علماء وعوام نے باہمی گہرا ربط بناکر اسکے سدباب کے لیے جہد مسلسل نہیں کی تو یہ ارتداد کی آگ بہت جلد ہماری بستیوں اور ہمارے گھروں میں غیر محسوس طریقے سے داخل ہوجائیگی۔
امت مسلمہ کی دین ایمان کی حفاظت کے لئے مکمل پردہ کے اہتمام کے ساتھ مستورات کے پروگرام ہوں اور کھل کر ان کے سامنے حالات کو پیش کیا جائے، اصلاح معاشرہ کے پروگرام عام کریں قاری ذاکر حسین نے کہا کہ مسجدوں میں آنیوالے مسلمانوں کی تعداد صرف 10/15فیصد ہے اور لوگ پروگرام انہیں نمازیوں کے بیچ کرتے ہیں- ضرورت ہے کہ مسجد کی چہار دیواری کے باہر نکل کر عمومی محنت کی جائے اور نوجوانوں وعلماء کی مقامی اصلاحی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، نوجوانوں کے ذریعہ مسجد کے باہر بھی اصلاح معاشرہ کے پروگرام کئے جائیں، نسل نو کے ایمان کی حفاظت کے لئے منظم مکاتب کا قیام لازم اور ضروری ہے۔ موجودہ وقت میںں علماء ودانشوران قوم نے اگر قربانیاں پیش نہ کی اور نوجوانوں عورتوں بچیوں کے، نسل نو کے دین و ایمان کے بچانے کے لئے جدوجہد نہ کی تو آنے والی نسلیں لعنتیں بھیجیں گی اور وہ دین ایمان پر باقی نہ رہ سکیں گی ۔ ملت اسلامیہ کے دینی تشخص کو بچانے کی جدوجہد ہر حال میں ضروری ہے،
الحمدللہ ان پروگراموں کے ذریعے مختلف علاقوں میں اصلاح معاشرہ کے پروگرام طے کیے گئے ،اصلاح معاشرہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور منظم مکاتب کے قیام کی ترتیب بنائی گئیں نیز سدبھائونا منچ کے پروگرام طے ہوئے اور جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 10فروری سے12فروری تک دہلی میں ہونے والے اجلاس عام کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنانے پر ہر طرح کا تعاون پیش کر نے پر یقین دہانی کرائی گئی۔ میٹنگ میں علماء کرام کے مشورے سے مولانا محمد گلزار قاسمی مہتمم مدرسہ انعام العلوم کو جمعیۃ علماء دینی تعلیمی بورڈ کے شہر صدر،جبکہ مولانا محمد احمد امام و خطیب مسجد گلزار کو اصلاح معاشرہ کمیٹی کا شہر صدر منتخب کیا گیا، نو منتخب عہدیداران نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ منظم مکاتب کا قیام و اصلاح معاشرہ کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ پروگرام کی صدارت شہر صدر حافظ محمد اکرام نے کی اور نظامت کے فرائض شہر جنرل سکریٹری قاری محمد عادل نے انجام دئیے۔
اس موقع پر حافظ محمد اکرام قاری عبد الماجد،حاجی وسیم عالم،قاری محمد عادل،مولانا محمد ارشد،حافظ سلیم،مولانا گلزار،مولانا محمد احمد،مولانا محمد ندیم،صوفی عبداللہ،مولانا سمیع اللہ،مولانا عمار،مولانا عبد القیوم،قاری بلال،بھائی معتصم،محمد شبلی،قاری ساجد،حافظ اکرم وغیرہ موجود رہے۔