عید الاضحی مسلمانوں کو دین و ایمان کے خاطر قربان ہونے کی تعلیم دیتا ہے!! شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

عید الاضحی مسلمانوں کو دین و ایمان کے خاطر قربان ہونے کی تعلیم دیتا ہے!
قربانی سنت ابراہیمی، شعائر اسلام اور دین کا حصہ ہے : شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

بنگلور، 13 ؍اگست (محمد فرقان) : اسلام قربانیوں کا دوسرا نام ہے اور بقرعید قربانی کی ایک یادگار مثال ہے۔ بقرعید دراصل حضرت ابراہیم علیہ السلام، حضرت اسماعیل علیہ السلام اور حضرت حاجرہ علیہاالسلام کی یادگار ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ نے اپنے گھر بلایا اور حج کی سعادت نصیب ہوئی نیز اللہ کے حکم پر قربانی پیش کی اور بد نصیب ہیں وہ لوگ جو صاحب استطاعت ہونے کے باوجود حج کیلئے نہیں گئے اور قربانی نہیں کی۔ مذکورہ خیالات کا اظہار اردو گورنمنٹ اسکول، گوا گارڈن، ڈی جے ہلی، بنگلور میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے ولولہ انگیزخطاب کرتے ہوئے شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ صاحب قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ ہر دور میں اسلام نے قربانی طلب کی ہے، کبھی جان کی تو کبھی مال کی۔ ہم بقرعید کے اس پر مسرت موقع پر جانوروں کی قربانی دیکر یہ عہد کرتے ہیں کہ جب کبھی دین و اسلام کے خاطر ہمیں اپنی اور اپنے آل و اولاد کی جان کی بھی قربانی دینی پڑی تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، بلکہ ہمیشہ اس کیلئے تیار رہیں گے۔ مولانا نے فرمایا کہ عیدالاضحی مسلمانوں کو دین و ایمان کے خاطر قربان ہونے کی تعلیم دیتا ہے۔اور قربانی سنت ابراہیمی، شعائر اسلام اور دین کا اہم حصہ ہے۔ مولانا نے قربانی کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک نیکی ملتی ہے اور ہمارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم نے تاحیات قربانی دی ہے۔مولانا قاسمی نے فرمایا کہ عید الاضحی میں آقائے دوعالم ﷺکی اتباع کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ کے حکم پر جان و مال کو قربان کرنے کے جذبہ کے ساتھ سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوکر قربانی کرنے والے لوگ یقیناً مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے دوٹوک فرمایا کہ جو لوگ صاحب استطاعت ہونے کے باوجود قربانی نہیں دے رہے ہیں انکے پاس ایام قربانی کا ابھی بھی وقت ہے۔ لہٰذا وہ جلد قربانی کو عملی جامہ پہنائیں ورنہ اللہ کے عذاب سے انہیں کوئی نہیں بچاسکتا۔مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ قربانی ایمان کا حصہ ہے لیکن صفائی نصف ایمان ہے لہٰذا جو حضرات قربانی دے رہے ہیں انکو پاکی صفائی کا بھی پورا خیال رکھنا چاہئے۔مولانا نے فرمایا کہ قربانی اللہ کے حکم کے سامنے اپنے نفس اور خوائشات کو قربان کرنے کا نام ہے۔ مولانا قاسمی نے عید الاضحی کے مبارک موقع پر تمام حجاج کرام کے حج کی قبولیت کیلئے دعا کی اپیل کی نیز سیلاب زدگان علاقوں کیلئے امداد کرنے کی بھی اپیل کی۔ قابل ذکر ہیکہ مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے عالم اسلام کیلئے خصوصاً ملک کے موجودہ حالات اور مسلمانان ہند خصوصاً کشمیری مسلمانوں کے خوش حالی اور حفاظت کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں