ہندوستان

اے ایم یو میں تعلیم و تدریس اور تحقیق سرسید ؒ کی فکر کے عین مطابق جامع نقطۂ نظر سے ہوتی ہے!

بحرین میں منعقدہ جشن یوم سرسید 2019 سے اے ایم یو وائس چانسلر طارق منصور کا خطاب

علی گڑھ ۔ 30 نومبر 2019 (ذرائع) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے بحرین میں اے ایم یو الومنائی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 7؍نومبر 2019کو منعقد ہوئے جشن یوم سرسید 2019 سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اے ایم یو میں تعلیم و تدریس اور تحقیق سرسید احمد خاں علیہ الرحمہ کی فکر کے عین مطابق جامع نقطۂ نظر سے ہوتی ہے۔ پروفیسر منصور نے کہاکہ یونیورسٹی کی توجہ صرف تعلیم پر نہیں بلکہ طلبہ و طالبات کے اندر قائدانہ صلاحیت کی نشو و نما، ٹیم ورک، اعتماد ، لچک اور عزم و حوصلہ کے اوصاف پیدا کرنے پر بھی زور دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا ’گرچہ کہ مختلف قومی و بین الاقوامی ایجنسیوں اور اداروں کی رینکنگ میں اے ایم یو کو بہتر مقام حاصل ہورہا ہے مگر اے ایم یو برادری کو سست نہیں پڑنا ہے کیونکہ ہمیں تحقیق و تدریس اور غیرتدریسی حصولیابیوں میں نئی بلندیاں طے کرنی ہیں۔ وائس چانسلر نے حاضرین کو یونیورسٹی میں جلد شروع ہونے والے کورسوں اور کالجوں کے بارے میں بتایا جس میں کالج آف نرسنگ، پیرا میڈیکل کالج اور انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی شامل ہیں۔ انھوں نے صدی تقریبات کے موقع پر منعقد ہونے والے مذاکروں ، سیمیناروں اور دیگر ادبی و ثقافتی پروگراموں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی۔ پروفیسر طارق منصور نے یونیورسٹی کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں میں تعاون کے لئے اے ایم یو کے سابق طلبہ اور بطور خاص بحرین کی اے ایم یو الومنائی ایسوسی ایشن کی ستائش کی۔ انھوں نے جشن یوم سرسید کے موقع پر ہوئے مختلف مقابلوں کے فاتحین کو انعامات بھی تقسیم کئے۔ الجامعۃ الاہلیہ، مملکت بحرین کے صدر پروفیسر منصور احمد حسن حسین العالی اور اے ایم یو کے سابق طالب علم مسٹر عزیز الرب (جی ایم، عبداللہ ہاشم کمپنی) نے بھی اظہار خیال کیا۔ جشن سرسید میں بحرین کی نامور شخصیات شیخ محمد بن اسحاق، شیخ اسحاق راشد الکوہجی اور پروفیسر عبداللہ یوسف عبدالوہاب الحواج (بانی ڈائرکٹر و چیئرمین، اہلیہ یونیورسٹی) سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیجئے

Close